309

وادئی کیلاش میں ترقیاتی اسکیموں کا افتتاح

وزیر اعلیٰ پختونخواء کے معاون خصوصی وزیر زادہ کیلاش نے سڑک، آبنوشی کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا؛ قبرستان کیلئے بھی ایک کروڑ روپے کا اعلان۔

رپورٹ: گل حماد فاروقی

چترال: موجودہ حکومت عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور پسماندہ علاقوں اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر خصوصی توجہ دیتی ہے- یہی وجہ ہے کہ چترال سے اگرچہ پاکستان تحریک انصاف کا کوئی ایک امیدوار بھی کامیاب نہ ہو سکا تھا مگر اس کے باوجود عمران خان نے پچھلی حکومت میں بھی چترال کے لئے مخصوص نشست مختص کیا تھا اور اس بار اقلیتوں کے مخصوص نشست پر مجھے موقع دیا اور ساتھ ہی وزیر اعلٰی کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور بھی بنایا۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلٰی خیبر پختونخواہ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کیلاش نے گزشتہ دنوں فیض آباد میں مختلیف ترقیاتی اسکیموں کے افتتاح کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا.

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زادہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے.

انہوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیرنگ کی جانب سے 82 لاکھ روپے کی لاگت سےتکمیل شدہ پانی کی اسکیم کا افتتاح کیا. اس اسکیم سے فیض آباد کے مکینوں کو پینے کا صاف پانی فراہم ہوگا۔

وزیرزادہ نے فیض آباد اور غوچ کیلئے محکمہ مواصلات و تعمیرات کی جانب سے تین کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی سڑک کا بھی افتتاح کیا۔ اس سے قبل سڑک کی حالت نہایت خراب تھی۔اس موقع پر علاقے کے لوگوں نے فیض آباد نالہ پر آر سی سی پل کی تعمیر کا بھی مطالبہ کیا۔
اس موقع پر وزیر زادہ نے فیض آباد کے لوگوں کیلئے ایک کروڑ روپے کی لاگت سے قبرستان کی زمین خریدنے کا بھی اعلان کیا. انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سے ان کی بات ہوئی ہے اور پشاور میں بھی چترال کے لوگوں کیلئے تین کروڑ روپے سے قبرستان کیلئے زمیں خرید رہے ہیں۔
اس موقع پر کئی لوگوں نے دیگر سیاسی پارٹیوں کو خیر باد کہتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا.

وزیر زادہ نے مستج پانڈہ کیلئے پچاس لاکھ روپے کی لاگت سے تحصیل میونسپل انتظامیہ کی جانب سے تعمیر شدہ واٹر ٹینک کا بھی افتتاح کیا۔
انہوں نے پنجیکوٹی کیلئے لنک روڈ کا بھی افتتاح کیا جو محکمہ لوکل گورنمنٹ، دیہی ترقیاتی ادارہ کے زیر نگرانی پندہ لاکھ روپے کی لاگت سے بن رہی ہے۔

انہوں نےغوچ گاؤں کیلئے پانی کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا جس کے لئے محکمہ پبلک ہیلتھ انجنئرنگ نے 82لاکھ روپے کا فنڈ فراہم کیا ہے. غوچ میں پانی کی شدید قلت تھی اور یہاں کے لوگوں نے کچھ سال پہلے احتجاج کے طور پر افغانستان ہجرت کرنے کا اعلان بھی کیا تھا جسے بعد میں علاقے کے عمائدین، منتخب نمائندوں روک دیا اور ان کو یقین دہائی کرائی گئی تھی کہ ان کو پانی ضرور فراہم کی جائے گی۔
غوچ کیلئے 82 لاکھ روپے کے فنڈ سے سڑک بن رہی ہے۔
علاقے کے لوگوں نے ان ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح پر وزیر زادہ اورصوبائی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں