8,481

طالبان نے پرنس کریم آغاخان کو افغانستان دورے کی دعوت دے دی

نیوز ڈیسک

طالبان نے پرنس کریم آغاخان کو افغانستان دورے کی دعوت دے دی ہے۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان کے ڈپٹی وزیرِ اعظم عبد السلام حنفی نے آغاخان کے خصوصی نمائندے علی اکبر پسنانی سے ہفتے کے روز ملاقات کی۔

افغانی میڈیا کے مطابق طالبان ڈپٹی وزیرِ اعظم نے اسماعیلیوں کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغاخان کو افغانستان دورے کی بھی دعوت دی۔

اطلاعات کے مطابق عبدالسلام حنفی نے آغاخان ڈیویلوپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) سے افغانستان میں ایک معیاری ہسپتال قائم کرنے کی بھی درخواست کی تاکہ مریضوں کو ملک سے باہر جانا نہ پڑے۔

اس موقع پر علی اکبر پسنانی نے آغاخان ڈیویلوپمنٹ نیٹ ورک کی طرف سے افغانستان میں جاری سماجی، اقتصادی اور ثقافتی کاموں کے حوالے سے طالبان رہنما کو آگاہ کیا اور مستقبل میں انہیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

روسی خبر رساں ایجنسی سپٹنک کے مطابق اکبر پسنانی نے خواتین کی تعلیم کی بحالی پر زور دیا اور جواب میں طالبان ڈپٹی وزیرِ اعظم نے بتایا کہ طالبان حکومت اس حوالے سازگار ماحول پیدا کر رہی ہے۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی ٹویٹ
طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنی ٹویٹ میں ملاقات کی تصدیق کی

طالبان رہنما نے درخواست کی کہ آغاخان کے ادارے افغانستان میں جاری اپنے کاموں کا دائرہ وسیع کرے۔ اس حوالے سے انہوں نے بھرپور معاؤنت فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں