نیوز ڈیسک
پچھلے ہفتے قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت میں مخلوط ثقافتی پروگرام کے بعد پیدا ہونے والے تنازعے پر یونیورسٹی انتظامیہ نے اپنا موقف پیش کر دیا ہے۔ یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یونیورسٹی میں ثقافتی گالا کا انعقاد علاقائی روایات اور ثقافتی اقدار کو ملحوظ رکھتے ہوئے کیا گیا تھا۔
ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشن قراقرم یونیورسٹی نے اپنے بیان میں مخلوط ثقافتی شو میں "فحش” پروگرامات کے انعقاد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان سب باتوں کو یونیورسٹی کے ساکھ خراب کرنے کی سازش قرار دیا۔
انتظامیہ کے مطابق یونیورسٹی میں ہونے والے ثقافتی گالے میں ہرطرح سے علاقائی روایات اور ثقافتی اقدار کو ملحوظ رکھا گیا تھا۔ ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز میر تعظیم اختر کے مطابق ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سجاد علی کی سربراہی میں منعقدہ مینجمنٹ اسٹاف،فیکلٹی ممبران اور طلبہ وطالبات کی اہم اجلاس میں کیاگیا۔ ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ سپورٹس گالا طلبہ وطالبات کے تعلیم کا حصہ ہے۔جس کے ذریعے طلبا اپنے ثقافت،کھانے،علاقائی ملبوسات سمیت دیگر ثقافتی چیزوں کی نمائش کرتے ہیں۔جس کا مقصد طلبا کو اپنے ثقافت سے روشناس کرانے سمیت طلبا میں چھپی صلاحیتوں کو سامنے لانا ہے۔ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز نے کہاکہ ملک بھر کی جامعات کی طرح قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں بھی ثقافتی گالا،سپورٹس گالاہو یاپھر فوڈ گالا ہرسال جامعہ میں منعقد کیاجاتا ہے۔مگر اس دفعہ چند مفاد پرست اور بدخواہ افراد کی جانب سے ثقافتی گالا کو بنیاد بناکر بے بنیاد افواہیں اور الزامات لگا کر ایک دفعہ پھر جامعہ کے خلاف سازشیں کرنے میں مصروف عمل ہیں۔
پریس ریلیز میں گلگت بلتستان کے زمہ دار افراد، عمائدین، تعلیم یافتہ افراد سمیت یونیورسٹی کے خیرخواہ افراد سے اپیل کیا گیا کہ وہ گلگت بلتستان میں معیاری تعلیم و تحقیق کے فروغ اور تعلیمی سلسلے کو جاری رکھنے کے لیے جامعہ ہذا کے ساتھ کھڑے ہوں اور تعلیم دشمن اور سازشی عناصر کے سازشوں کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔