بشکریہ ڈان نیوز
حکومت نے خوردنی تیل اور گھی کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ کر کے صارفین کو ایک اور صدمے میں مبتلا کردیا، گھی 208 روپے اضافے کے بعد 555 روپے فی کلو اور تیل 213 روپے اضافے کے بعد 605 روپے فی لیٹر پر جا پہنچا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ریٹیل مارکیٹ میں گھی اور تیل ابھی اس قیمت پر فروخت نہیں ہورہا۔
یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن (یو ایس سی) کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی کہ کراچی میں یو ایس سی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، گھی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جون سے ہوگا۔
تاہم عہدیدار نے اس بات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا کہ قیمتوں میں اس بے رحمی سے کیوں اضافہ کیا گیا جو صارفین کو شدید متاثر کرے گا۔
مشہور برانڈز کے گھی اور تیل کی قیمتیں مارکیٹوں میں اب بھی زیادہ ہیں، ریٹیل مارکیٹ میں برانڈڈ گھی اور تیل 540 روپے سے 560 روپے فی لیٹر فروخت کیا جارہا ہے۔
تاہم وناسپتی مینوفیکچرر ایسوسی ایشن (پی وی ایم اے) کے جنرل سیکریٹری عمر اسلام خان نے اشارہ دیا ہے کہ گھی اور تیل کی ریٹیل قیمتیں جلد یو ایس سی کی قیمت کے برابر آجائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ گھی اور خوردنی تیل مینوفیکچررز نے یو ایس سی کو کریڈٹ پر مصنوعات کی فراہمی روک دی ہے، کیونکہ کارپوریشن کی جانب سے مینو فیکچرر کو 2 سے 3 ارب کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔