167

حکمران جماعتیں اور اسٹیبلشمنٹ، آئی ایم ایف کی ایماء پر عوام کی زندگیاں اجیرن بنا رہے ہیں، یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ

ویب ڈیسک


محنت کش طبقے کے افراد، کچی آبادی کے رہائشیوں، طلبہ، ٹریڈ یونین کے ممبران اور ترقی پسند سیاسی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے نیشنل پریس کلب، اسلام آباد میں جمع ہو کر بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا۔ یہ احتجاج، یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے بینر تلے متحد ترقی پسند قوتوں کی ملک گیر مہم کا حصہ تھا۔ یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ، ملک بھر میں ترقی پسندوں کی طرف سے ایک متبادل بنانے کی کوشش ہے، جو ہمارے معاشی اور ماحولیاتی بحرانوں کے حقیقی اسباب کا سامنا کرنے کے ارد گرد مرکوز ہے۔


‘عوام دشمن معاشی پالیسیوں، کمر توڑ مہنگائی اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف’، منعقد کئے جانے والا یہ احتجاجی مظاہرہ، معاشی انصاف کے بنیادی مسئلے کے گرد مرکوز تھا کہ پاکستانی معیشت کس طرح اکثریتی عوام کا حق مار کر، ایک محدود تعداد کی اشرافیہ کے منافع کے ارد گرد گھوم رہی ہے۔ مظاہرین نے مرکزی دھارے کی سیاسی زبردست جماعتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ کیسے، سامراج مخالف حقیقی متبادل پیش کیے بغیر، عالمی مالیاتی ادارے کے غیر انسانی مطالبات کو لاگو کر رہی ہیں۔
عوامی ورکرز پارٹی راولپنڈی۔اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری اقبال جہاں نے کہا کہ کہ قیمتوں میں حالیہ اضافہ غریب دشمن اقدام ہے جو اشرافیہ کی طرف سے اٹھایا گیا جو اپنی فضول خرچیوں کو کم کرنے سے انکاری ہے۔انہوں نے حکومت کو چیلنج کیا کہ وہ اربوں کی سبسڈی میں کٹوتی کرے جو وہ کاروباری اداروں کو ایمنیسٹی سکیموں کی شکل میں دیتی ہے، اور فوج اور بیوروکریسی کو مسلسل دی گئی چھوٹ اور مراعات کو کم کرے۔ انہوں نے سوال کیا کہ بظاہر جمہوریت اور سامراج مخالف ہونے کا دعویٰ کرنے والی مرکزی دھارے کی جماعتوں نے آئی ایم ایف کی عائد کردہ کٹوتیوں اور شرائط کا کوئی متبادل پیش کرنے سے انکار کیوں کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی حالیہ انتخابی کامیابی کا تعلق پی ڈی ایم کی عوام کو حقیقی طور پر بااختیار بنانے میں ناکامی سے ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئی ایم ایف کی غیر جمہوری طور پر عائد کردہ شرائط صحت، تعلیم اور عوامی اخراجات کو مستقل طور پر نشانہ بناتی ہیں لیکن اس نے مسلسل بڑھتے فوجی بجٹ کو برقرار رکھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف امریکی سامراج کا اصل چہرہ ہے۔ ترقیاتی بجٹ میں بے پناہ کٹوتیاں اور بڑھتے ہوئے فوجی بجٹ، آئی ایم ایف کے درجنوں پروگراموں کی میراث تھے۔ اس کا مقصد یہ تھا کہ ملک کو سرمایہ داروں کے لیے اس کے وسائل کو لوٹنے کے لیے کھلا چھوڑ دیا جائے، اور محنت کش طبقے کے لوگوں کے استحصال سے بچنے کی کسی بھی صلاحیت کو ختم کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ لوگ ایک حقیقی سامراج مخالف متبادل کے گرد جمع ہوں کیونکہ حالات بدتر ہوتے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ ملک بھر کے ترقی پسندوں کی طرف سے استحصال اور ماحولیاتی تباہی کے مقابلہ میں متحد ہونے کی ایک ایسی کوشش ہے۔
نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر اکرم دشتی نے کہا کہ عام لوگوں کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ اشرافیہ کی درآمدی اشیاء کے استعمال نے محنت کش طبقے کی زندگیوں کو براہ راست بدتر بنا دیا ہے۔ انہوں نے اصرار کیا کہ معاشی خوشحالی کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ قومی معیشت ایک ایسے گھن چکر میں پھنسی ہوئی ہے جس میں اشرافیہ کو توقع ہے کہ آئی ایم ایف انہیں مہنگائی کی قیمت پر چھوٹ دے دے گا جس سے تکلیف صرف محنت کش طبقے کو ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو معاشی اور ماحولیاتی تباہی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اس بحران سے بچنے کا واحد راستہ روحانی اور سیاسی انقلاب ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہماری جدوجہد کو ایک دوسرے سے جڑے ہوئے پورے حصے کے طور پر تسلیم کرنا ضروری ہے اور اس جدوجہد کو منظم کرنا، اس میں ترقی پسند مقاصد شامل کرنا اور ایک ایسی تنظیم بنانا ہے جو ریاست کی اقتصادی پالیسی کو بہتر بنا سکے۔
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس مہم کے نائب صدر چنگیز ملک نے کہا کہ قیمتوں میں حالیہ اضافے نے خاندانوں کو ظالمانہ طرزِ زندگی گزارنے پر مجبور کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں نے کچی آبادی کے رہائشیوں کے لیے سفر کرنا ناقابل یقین حد تک مشکل بنا دیا ہے۔ ٹیکسی ڈرائیور خاص طور پر رکشہ والے اپنی روزی روٹی کھو رہے ہیں، عوام پیٹ کاٹ کر گزر بسر کرنے پہ مجبور ہے اور ریاست اس سے مکمل طور پر نا آشنا نظر آتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر حالات یہی رہے تو پاکستان اپنی معیشت کا توازن برقرار نہیں رکھ سکے گا اور قرضوں کی ادائیگیوں کے بحران کی وجہ سے کسی بھی وقت جلد ہی محنت کش طبقے کے لوگوں کو ان کے معیار زندگی میں مسلسل گراوٹ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ اس طرز عمل کے ذمہ دار امیر اشرافیہ اسی طرح عیاشی کرتے رہیں گے جیسے کچھ ہوا ہی نہیں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ اس بحران سے نکلنے کے لئے، عوام کی طاقت کو دوبارہ مضبوط بنانا اشد ضروری ہے۔
مزدور کسان پارٹی کے کامران خان نے کہا کہ بےحس ریاستی پالیسیوں نے عوام کو خوراک اور بچوں کی تعلیم کے حصول میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ کم آمدن اور بڑھتی ہوئی مہنگائی سے محنت کش طبقے کا معیار زندگی مسلسل گر رہا ہے جبکہ ان حالات کے اصل ذمہ دار امیر اشرافیہ کو کوئی فرق نہیں پڑ رہا جیسے کچھ ہوا ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ضروری ہو گیا ہے کہ عوام ایک متحد طاقت کی صورت اٹھ کھڑی ہو۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ قیمتوں میں اضافہ سرمایہ دارانہ نظام کا حصہ ہے جس سے کوئی بھی پارٹی بچ نہیں سکتی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاریخی طور پر پاکستانی ریاست کے کردار کو استعماری مفادات، ایک آلے کے طور پر استعمال کرتے ہیں جس سے اپنے ہی لوگوں کو دبایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی پارٹی نہ تو پی ٹی آئی اور نہ ہی کوئی دوسری مرکزی دھارے کی جماعتیں اس موروثی بحران کو حل کر سکتی ہیں، کیونکہ وہ اشرافیہ کی قیادت والی پاپولسٹ جماعتیں ہیں جن کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ قیمتوں میں اضافہ عام لوگوں کی زندگیوں کو مزید بدتر بنا رہا ہے اور عوام کے پاس واحد راستہ ہے کہ وہ متحد ہو کر ہماری مضبوط اشرافیہ کو زیر کریں۔
آئی نائن کچی آبادی کی رہائشی خاتون نے بتایا کہ قیمتوں میں حالیہ اضافہ خواتین پر کیا اثر ڈال رہا ہے، خاص طور پر محنت کش طبقے کی خواتین، جنہیں اپنے گھریلو بجٹ میں گزارہ کرنا مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاشی بدحالی نے گھریلو تشدد میں اضافہ کر دیا ہے اور خواتین کی زندگی کو ناقابل یقین حد تک مشکل بنا دیا ہے۔
جے کے ایل ایف سے تعلق رکھنے والے ادریس نے کہا کہ پاکستانی ریاست کے بحرانوں کا اس کے اطراف میں تباہ کن اثر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کشمیر کو طویل عرصے سے سودے بازی کے لئے استعمال کیا جاتا رہا ہے لیکن ریاست نے کبھی بھی کشمیر میں سرمایہ کاری نہیں کی بلکہ اسے وسائل لوٹنے کے ایک اور ذریعہ کی طرح سمجھا۔ آگے بڑھنے کے لیے ایک عوامی تحریک کی شکل میں حقیقی جمہوریت کی ضرورت ہے۔ پاکستان کو ایک طفیلی اشرافیہ نے روک رکھا ہے، اور یہ ضروری ہے کہ لوگ اس اشرافیہ کی پسماندہ سیاست کو مسترد کرنے کے لیے آگے بڑھیں۔
پروگریسیو سٹوڈنٹس فیڈریشن کے جمیل اقبال اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی بجٹ میں موجودہ کٹوتیوں کا مطلب طلبہ کی فیسوں میں بھاری اضافہ ہوگا۔ جس کا مطلب ہے کہ سرکاری یونیورسٹیوں کی نجکاری کرنا پڑے گی اور بہت سے طلبہ خاص طور پر محنت کش طبقے کے طلبہ، تعلیم تک رسائی سے محروم ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے طلبہ کو پہلے ہی اپنے اخراجات میں شدید دباؤ کا سامنا ہے، اس مہنگائی سے ان طلبہ پر بوجھ مزید بڑھے گا جو کم تنخواہ والی ملازمتوں، فیسوں میں اضافے اور گرتے ہوئے تعلیمی معیار کے ساتھ دنیا میں غیر یقینی مستقبل کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ضروری ہے کہ طلبہ، محنت کش طبقے کے لوگوں کے ساتھ مل کر منظم ہوں اور حکومت پر دباؤ ڈالیں کیونکہ ان سب کا اجتماعی مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں