رابطہ کمیٹی عوام میں رابطہ مہم کا آغاز کرے گی اور تمام تحصیلوں کے عوام کو تحریک کے لئے منظم کرے گی۔
گندم سبسڈی خاتمہ، خالصہ سرکار کے خلاف اور بنیادی حقوق کے حصول کے لئے جلد تحریک کا آغاز ہوگا۔ ایکشن کمیٹی غذر
غذر(پ ر)
عوامی ایکشن کمیٹی غذر کا اجلاس گاہکوچ کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا اجلاس میں پانچوں تحصیلوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے ایجنڈے پر بات کرتے ہوئے نظرب خان نے کہا کہ آج کا اجلاس عوامی ایکشن کمیٹی غذر کو ازسر نو منظم کرنے کے لئے بلایا گیا ہے تاکہ غذر کے پانچوں تحصیلوں میں عوامی ایکشن کمیٹی مضبوط ہو سکے اور غذر سمیت گلگت بلتستان کے مسائل کو اجاگر اور ان کا حل تلاش کیا جاسکے۔
اجلاس میں ایجنڈے پر تمام نمائندوں نے تفصیلی بات کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی غذر کو ازسر نو منظم کرنے کے لئے تمام تحصیلوں کے نمائندوں پر مشتمل عوامی رابطہ کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں پونیال سے نظرب خان، مقصد شاہ، قاری کمہار، تجت خان، یسین سے شیرنادر شاہی، علی اشرف، عبد المجید خان، علی اشرف، آدینہ محمد، ذاکر حسین، گوپس سے موسیٰ مدد، لطیف ایڈوکیٹ، عظیم ، پھنڈر سے شیر حوس، حاصل مراد، اشقومن سے عاطف سلمان، علی مدد اور شکور علی شامل ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رابطہ کمیٹی تمام تحصیلوں میں رابطہ مہم چلائے گی اور عوامی ایشوز کو اجاگر کرنے میں کردار ادا کرے گی اور تمام دھڑا بندیوں کو ختم کر کے مشترکہ عوامی ایکشن کمیٹی بنایا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اس وقت ضلع غزر مسائل کا گڑھ بن چکا ہے۔ عوام کے پاس کھانے کو آٹا نہیں ہے، پینے کو صاف پانی نہیں، ہسپتالوں میں ادویات نہیں۔ عوام کے بنیادی حقوق پر تحریک کا آغاز کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گندم سبسڈی خاتمے، خالصہ سرکار کے نام پر زمینوں پر قبضے اور غذر ایکسپریس وے میں کام کی سست روی برداشت نہیں کی جائے گی۔