پاکستان اپ ڈیٹ : انڈونیشیا کے آبنائے سندا میں آتش فشاں پھٹنے کے بعد زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے اور زیر آب لینڈ سلائیڈنگ سے سمندر میں تباہ کن سونامی رونما ہوئی جس سے پیدا ہونے والی دیو قامت اور خوفناک لہروں نے ساحلی علاقوں میں تباہی مچا دی۔سونامی نے اپنے سامنے آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کر کے رکھ دیا جس کے نتیجے میں 281 افراد ہلاک اور 800 سے زائد زخمی ہوگئے جب کہ 100 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔ امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔انڈونیشن حکام کے مطابق سونامی کے باعث شہر کی کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں جس کے باعث ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ سڑکوں اور گلیوں میں لاشیں بکھری پڑی ہیں، اسپتال زخمیوں سے بھرگئے ہیں جب کہ متاثرین کو خوراک، ادویات اور پینے کے پانی کی کمی کا سامنا ہے۔انڈونیشین حکام نے ایک اور سونامی کی وارننگ جاری کردی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ آتش فشاں میں سے لاوا نکلنے کا عمل اب بھی جاری ہے جس کے باعث مزید سونامی آنے کے خدشات ہیں تاہم لوگوں کو احتیاطی اختیار کرنے کی ہدایات کردی گئی ہیں۔