چترال (کریم اللہ) نامور ماہر تعلیم اور لینگ لینڈ سکول اینڈ کالج کے بانی سربراہ جیفری لینگ لینڈ ایک سو ایک برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کرگئے۔ لینگ لینڈ کا تعلق برطانیہ سے تھا جس نے برٹش انڈین آرمی میں بھی خدمات سرانجام دیا تھا ۔قیام پاکستان کے بعد آپ پاکستان چلے آئے اور یہاں کے اعلی تعلیمی اداروں میں بحیثیت استاد اور پرنسپل کا م کیا۔ 1979 سے 1988 تک رزمک کیڈٹ کالج کے سربراہ رہے۔ 1989میں آپ چترال چلے آئے اور سایورج پبلک سکول کے نام سے ایک ادارے کا قیام عمل میں لایا اسی ادارے نے اگلے برسوں میں چترال میں تعلیمی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ لینگ لینڈ 2012 میں 25 برس تک اسی ادارے کو چلانے کے بعد 94 برس کی عمر میں ریٹائرمنٹ لے لی۔ شاندار تعلیمی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے آپ کو ستارہ امتیاز، ستارہ پاکستان اور ہلال امتیاز کے اعزازات سے نوازا ہے ۔ چترال کے مختلف سماجی ، سیاسی اور تعلیمی حلقے لینگ لینڈ کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار اور شاندارتعلیمی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کررہے ہیں۔