نمایٔندہ بام جہاں
گلگت : گرین ٹورازم کمپنی کا گلگت بلتستان کے مختلف سیاحتی مقامات پر زبردستی قبضوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے گلگت بلتستان کے دیگر علاقوں کی طرح بلتستان کے علاقے روندو تھورچے بلامک میں بھی گرین ٹورازم کمپنی نے زمین پر قبضے کی کوشش کی ، روندو کے عوام اور پورے گلگت بلتستان میں گرین ٹورازم کمپنی کی بدمعاشی پر شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔روندو کے عوام اور سیاسی سماجی قائدین کی طرف سے شدید غم و غصّے اور بھرپور مزاحمت کا اعلان کیا گیا ہے۔
روندو کےایک مذہبی جماعت کے رہنما نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع کے دن دفاعی ادارے کی روندو بلامک میں زمین پہ قبضے کی کوشش کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے حکومت کو انتباہ کیا کہ روندو کے غیورعوام ایک انچ زمین پر کسی کو قبضہ کرنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر زبردستی قبضے کی کوشش کی گئی تو تمام تر حالات کی ذمداری حکومت پہ عائد ہوگی۔
یاد رہے چار ماہ قبل وجود میں آنے والی گرین ٹورازم کمپنی کو گلگت بلتستان کے تمام سرکاری ریسٹ ہاؤسزاورسیاحتی مقامات کو ایک متنازعہ معاہدے کے تحت اونے پونے داموں لیز پردیے گئے ہیں جسے گلگت بلتستان کے تمام ترقی پسند اور قوم پرست جماعتوں نے یکسرمسترد کرتے ہوئے اپنی زمینوں اور وسائل کا دفاع کرنے اور گرین ٹورازم کمپنی کے ساتھ کئے گئے معاہدے کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔
بعض مقامات پر عوام نے مزاحمت کرکے گرین ٹورازم کمپنی کو زمینوں پر قبضہ کرنے سے روک رکھا ہے۔