بام جہان رپورٹ
گلگت: وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے وفاقی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ گلگت بلتستان کیلئے فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے خورد ونوش کی اشیاء کی سپلائی بحال رکھے۔
انھوں نے کہا کہ پینجاب اگریکلچر اینڈ سیڈ سپلائی کارپوریشن (پاسکو) سے نیٹکو کے ذریعے گلگت بلتستان کو گندم کی ترسیل کی جاتی ہے۔ لہٰذا نیٹکو کے ٹرکوں کی آمد ورفت کو جاری رکھنے کے لئیے خصوصی اجازت دی جائے۔
وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں آنے والے تمام مسافروں کیلئےاصول و ضوابط بنائے گئے ہیں جس کے تحت تمام لوگوں کی باقاعدہ سکریننگ کی جارہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ نےجمعے کے روز وزیر اعظم کے زیر صدارت ہونے والی نیشنل کوآرڈینشن کمیٹی کے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے کیا۔
انھوں نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کی وہ وفاقی وزارت خزانہ کو خصوصی ہدایات جاری کریں تاکہ ماہانہ بنیادوں پر پاسکو کو گندم کی ادائیگی کے بجائے دو ماہ کے گندم کی ادائیگی کی جائے. تاکہ گلگت بلتستان کیلئے دو ماہ کا گندم لایا جاسکے۔
وزیر اعظم عمران خان نے اس موقع پر یقین دلایا کہ پاسکو کو دو مہینے کی ادائیگی کی جائے گی اور گلگت بلتستان کیلئے گندم کی ترسیل میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بنیادی ضروریات زندگی کی ترسیل پر پابندی نہیں ہونی چاہئے۔ انھوں نے دعواء کیا کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کئے ہیں۔
ہوم لاک ڈاؤن کا فیصلہ عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے کیا گیا ہے۔
سکریننگ
وزیر اعلیٰ نے محکمہ صحت اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ملک کے دیگر صوبوں سے گلگت بلتستان آنے والے مسافروں کی سکریننگ کو ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ ملک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے دیگر صوبوں سے بڑی تعداد میں گلگت بلتستان کے لوگ واپس آرہے ہیں۔ لہٰذا صوبے کے داخلی راستوں پر سکریننگ کے عمل کو جاری رکھا جائے۔
ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو اس بات کا پابند بنایا جائے کہ سکریننگ پوائنٹس پر تمام مسافروں کی سکریننگ کے بعد گلگت بلتستان لایا جائے اور صوبے میں آنے والوں کو ہوم قرنطینہ کی ہدایت کی جائے۔ ہوم قرنطینہ کے دوران کسی میں بھی کورونا وائرس کے علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر آئیسولیشن سنٹر منتقل کئے جائیں۔
وزیر اعلیٰ الرحمن نے کہا ہے کہ تفتان سے مزید 72 زائرین آرہے ہیں جن کیلئے قرنطینہ کا انتظام کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ اور روک تھام کے حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ N-95 ماسک کو صرف ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسوں کو فراہم کئے جائے۔
انھوں نےیہ بھی کہا کہ سنکیانگ حکومت کی جانب سے ملنے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کے طبی آلات کو ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام اضلاع میں فراہم کیا جارہاہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 9مزید وینٹی لیٹرز آرہے ہیں جن میں سے دو بلتستان کو دیئے جائیں گے۔
وزیر اعلی نے صوبائی سیکریٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ صوبے میں تین ٹراما سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جارہاہے جن کیلئے ضروری طبی آلات کی خریداری کے عمل کو تیز کیا جائے۔ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔