290

پی این سی اے نے گلگت بلتستان کی لوک موسیقی کے تحفظ کے لیے کام شروع کر دیا ہے- ڈاکٹر فوزیہ سعید

(اسلام آباد) پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس نے گلگت بلتستان کی تاریخی لوک موسیقی کو محفوظ کرنے کا کام شروع کر دیا ہے -پی این سی اے کی ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر فوزیہ سعید نے کہا کہ ادارہ پاکستان کے تاریخی ورثہ کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کر رہا ہےاور اس مقصد کے لیے علاقائی دفاتر کھولنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے –

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ثقافت، لوک موسیقی اور روایات تاریخی اہمیت کے حامل ہیں اور ہم اس تاریخی ورثہ کو محفوظ کرنے اور ترقی دینے کے لیے کام کر رہے ہیں ۔یاد رہے کہ ان اقدامات کو عملی جامہ پہنانے میں گلگت بلتستان کی دو شخصیات وزیر ثقافت راجہ ناصر علی خان اور سکریٹری ثقافت ظفر وقار تاج کا بہت اہم کردار رہا ہے اور ان کی خصوصی دلچسپی سے یہ کام ممکن ہوئے جو کہ ان کا اپنی زمین ااور ثقافت سے محبت کا ثبوت ہے –

اس مقصد کے حصول کے لیے گلگت بلتستان میں قائم پی این سی اے کے دفتر میں ریکارڈنگ کے جدید آلات سے مزین سٹوڈیو بنایا گیا ہے – پی این سی اے کی ٹیم نے ریکارڈنگ کا آغاز معروف شاعر، گلوکار اور موسیقار جان علی سے کیا اور ان کی لوک دھنیں اور گیت ریکارڈ کئے – اس موقع پر فنون لطیفہ سے وابستہ متعدد شخصیات کے انٹرویو بھی کیے گئے،جنہوں نے اس علاقہ کی موسیقی کی تاریخ پر روشنی ڈالی – پی این سی اے اس ریکارڈنگ کا آڈیو، وڈیو البم ریلیز کرے گا جو شائقین کے لیے یہاں کی موسیقی سے آشنائی کا ذریعہ اور علاقائی ترقی کا سبب بنے گا اور سیاحت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں