نیوز ڈیسک
پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی جنرل سیکریٹری انجینئر اسماعیل کی صوبائی صدر اور چیئرمین ابراہیم کی موجودگی میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلی فونک بات چیت ہوئی۔ جس میں انجینئر اسماعیل نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بتایا کہ ان کے حلقے سیاچن کی عوام نے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیکر انہیں چھ بار ممبر اسمبلی بننے کا اعزاز بخشا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین ابراہیم کی پیپلز پارٹی کے لئے بڑی خدمات اور جدوجہد ہے اس لیے کونسل کا ٹکٹ ان کا حق بنتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے بھی پورے بلتستان ریجن کو نمائندگی کے حق سے محروم رکھا ہے ایسے میں پاکستان پیپلز پارٹی اس ریجن کو کونسل کے زریعے نمائندگی دے سکتی ہے۔ گفتگو کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انجینئر اسماعیل کے حلقے کی عوام ان کے دل کے قریب ہیں اور ہم ان کی مسلسل پیپلز پارٹی سے وابستگی اور جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ بلاوال بھٹو نے انجینئر اسماعیل سے گزارش کیا کہ پیپلز پارٹی کی ٹکٹ کا فیصلہ ایوب شاہ کے حق میں ہوا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ ہمیشہ کی طرح آپ اور پارٹی کے دیگر ممبران اپنے امیدوار کو کامیاب کروانے کے لئے بھرپور کوشش کریں گے۔ جس پر انجینئر اسماعیل نے چیئرمین صاحب کے فیصلے کو قبول کرتے ہوئے پارٹی امیدوار کا ساتھ دینے اور کامیاب کروانے کی بھرپور کوشش کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ نیز یہ فیصلہ ہوا کہ 7 نومبر کو چیئرمین ابراہیم ایوب شاہ کے حق میں دستبردار ہوتے ہوئے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لیں گے۔