فخرعالم
سماجی و سیاسی ارتقاء اور سوشل میڈیا کے کردار کے موضوع پر دی بلیک ہول اسلام آباد میں ایک لیکچر سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیشن میں معروف بلاگر اور دانشور فرنود عالم نے سماج اور سیاست میں سماجی رابطوں کے زرائع کے اثرات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے ملک میں جہاں آزادیِ اظہارِ رائے پر قدغنیں لگائی جاتی ہیں، سوشل میڈیا اپنی آواز لوگوں تک پہنچانے کا اہم زریعہ بن گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے دوسرے خطوں میں سوشل میڈیا اظہارِ رائے کا ایک زریعہ ہوسکتا ہے مگر پاکستان جیسے ملک میں یہ اس کا واحد زریعہ ہے۔
فرنود عالم نے کہا کہ پاکستان میں زرائع ابلاغ کے اہم مراکز اور زرائع طاقتور اشرافیہ کے ہاتھوں میں ہیں جنہیں وہ اپنے مفادات کے دائرے کے اندر استعمال میں لاتے ہیں۔ ابلاغ پر بالادست طبقے کے اس دسترس کی وجہ سے حاشیے پر موجود مظلوم لوگوں کو اپنی بات اور اپنے مسائل لوگوں تک پہنچانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا جو سوشل میڈیا کے آنے سے بڑی حد تک کم ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا سماجی اور سیاسی ارتقاء میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کے ان خطوں اور طبقوں کے مسائل بھی لوگوں تک پہنچ رہے ہیں جو آج اپنا اظہار نہیں کر پاتے تھے۔ اس کی وجہ سے لوگوں میں شعور اور آگاہی بڑھ رہی ہے۔ سیشن کے آخر میں شرکاء نے اسپیکر سے سوالات کیے اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
یاد رہے کہ دی بلیک ہول اسلام کے سیکٹر جی 11 میں قائم ایک علمی مرکز ہے جس کا قیام حال ہی میں معروف سائنسدان، استاد اور سماجی کارکن پرویز ہودبھائی کی کوششوں سے عمل میں لایا گیا ہے۔ دی بلیک ہول میں لائبریری اور آڈیٹوریم کی سہولت موجود ہے جس میں مختلف سماجی اور سائنسی موضوعات پر لیکچرز کا اہتمام کیا جاتا ہے۔