ویب ڈیسک
کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2023ء کے مطابق تحقیق کے میدان میں عمدہ کارکردگی اور فیکلٹی سائٹیشن کے باب میں قائد اعظم یونیورسٹی 41 ویں نمبر پر آئی ہے۔ کیو ایس نے دنیا بھر کی بہترین پانچ سو جامعات میں قائد اعظم یونیورسٹی کو 363ویں نمبر پر جگہ دی۔ ۔مجموعی طور پر قائد اعظم یونیورسٹی 2022ء کی کارکردگی میں 15 درجے بہتری لائی ۔بین الاقوامی ریسرچ نیٹ ورک، انٹرنیشنل آؤٹ لُک اور کوالٹی ریسرچ پرفارمنس کے حوالے سے بھی قائد اعظم یونیورسٹی نے بہتر کارکردگی دکھائی۔
قائد اعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے اس کامیابی پر اساتذہ کرام، طلبہ، عملے اور سابق طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کی لگن اور محنت کو سراہا۔ تحقیق میں نمایاں کارکردگی اور فیکلٹی سائٹیشن کے حوالے سے پچاس بہترین جامعات میں جگہ بنانا واقعتاً قائد اعظم یونیورسٹی کا اعزاز ہے۔ کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2023ء کے ایڈیشن میں قائداعظم یونیورسٹی نے دنیا کی 26 فیصد اعلیٰ تعلیمی اداروں میں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ وائس چانسلر نے کہا کہ تدریس و تحقیق کے میدان میں ہماری محنت اور نمایاں کارکردگی کا اعتراف انٹرنیشنل رینکنگ ایجنسیوں نے بھی کیا ہے۔ قائد اعظم یونیورسٹی نے دیگر بین الاقوامی رینکنگ میں بھی دنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں جگہ حاصل کی ہے جیسا کہ ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2022ء کے مطابق قائد اعظم یونیورسٹی ہائر ایجوکیشن پاکستان کی نمبر ایک یونیورسٹی ہے جبکہ ایشیاء کی جامعات میں 116ویں نمبر پر ہے ۔
یو ایس نیوز اینڈ ورلڈ رپورٹ نے قائداعظم یونیورسٹی کو پاکستان کی نمبر ایک یونیورسٹی قرار دیا۔