Baam-e-Jahan

اپر چترال میں موبائیل لائبریری کا قیام


رپورٹ: کریم اللہ


اپر چترال کے دور افتادہ وادی یارخون کے نوجوانوں نے سفو نام سے ایک موبائیل لائبریری کا قیام عمل میں لایا ہے۔ اس حوالے سے ایک پروگرام گزشتہ روز بانگ یارخون میں منعقد ہوا جس میں علاقے کے عمائدین، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ مرد و خواتین کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔

تقریب کے آغاز میں سفو ٹیم کی جانب سے شرکاء کو  سفو موبائل لائبریری کے اعراض و مقاصد اور فوائد سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر چیرمین ویلج کونسل بانگ شیر نواز، ظاہر الدین، حاجی کمال، گل نواز خان، سیکرٹری وی سی بانگ شہاب الدین اور دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے نوجوانوں کی اس کاوش کو سراہا اور اس  کاوش کو کامیابی سے ہم کنار کرنے میں ہر قسم کے مدد و تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

شرکاء نے  لائبریری کے لئے کتابین خریدنے کے لئے نقد رقم بھی  فراہم کر دی جبکہ مستقبل میں بھی اپنی مدد جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ یہ موبائیل لائبریری بریپ سے لے کر ژوپو تک سروس دے گی اور اس سے ہر عمر اور طبقے کے لوگ استفادہ حاصل کر سکیں گے۔

احمد فراز پشاور یورنیوسٹی میں بی ایس کے طالب علم ہے اور اس موبائیل لائبریری کے قیام میں اہم کردار ادا کیا تھا انہوں نے لائبری کے اعراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس موبائیل لائبریری کی وجہ سے علاقے کے نوجوانوں میں کتابی بینی کا شوق پیدا ہوگا جبکہ علاقے میں کوئی لائبریری نہ ہونے کے باعث سینئر لوگوں کو بھی دشواری پیش آرہی تھی۔ اس موبائیل لائبریری سے طالب علموں کے ساتھ ساتھ بڑے عمر کے افراد بھی استفادہ حاصل کریں گے۔

انہوں نے مخیر حضرات سے اس موبائیل لائبریری کے لئے کتابین فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

یاد رہے یہ چترال میں اپنی نوعیت کا واحد لائبریری ہے جو کئی دیہات میں سروس دے گا۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ اپر چترال کے دور دراز علاقوں میں لائبریریوں کا کوئی انتظام نہ ہونے کے باعث نئی نسل کتابوں سے دور ہوتے جارہے ہیں سفو موبائیل لائبریری اس کمی کو پورا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے