ویب ڈیسک
افغان طالبان کے محکمہِ اطلاعات و ثقافت کے حکام کا کہنا ہے کہ وہ حکیم ناصر خسرو کے مقبرے کی تاریخی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی مرمت اور تزئین و آرائش کر رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق طالبان کے ثقافتی عہدیداروں کی ایک ٹیم نے یمگان بدخشان میں موجود حکیم ناصر خسرو کے مقبرے کا دورہ کیا۔
بدخشاں کے ڈائریکٹر اطلاعات و ثقافت معزالدین احمدی نے اس تاریخی مقبرے کے تباہ شدہ حصوں کا معائنہ کیا۔
انہوں نے مقامی لوگوں سے کہا کہ تاریخی یادگاروں کو محفوظ کرنے سے قوموں کی شناخت ہوتی ہے اور لوگوں کو ان کے تحفظ کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔
صوبہ بدخشان کے لیے طالبان کے اطلاعات و ثقافت کے سربراہ نے کہا کہ نوادرات مافیا نے حکیم ناصر خسرو کے مقبرے کو تباہ کرنا اور اس میں موجود نوادرات کو چُرانا چاہا لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوئے۔
گیارویں صدی کے اس اسماعیلی داعی، فلسفی، سیاح اور عظیم فارسی شاعر کا مقبرہ بدخشان کے علاقے یمگان میں واقع ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی فاطمی خلفا کے حکم پر اسماعیلی عقیدے کی ترویج اور اشاعت میں گزاری۔ افغانستان، چترال اور گلگت بلتستان جیسے علاقوں میں ان کی دعوت سے بڑی تعداد میں لوگ اسماعیلی بنے۔ انہوں نے اپنے زمانے میں مسلم دنیا کی سیاحت کرکے مشہورِ زمانہ سفرنامہ بھی لکھا۔ پیر ناصرِ خسرو کو فارسی کے سب سے بڑے شعرا میں شمار کیا جاتا ہے۔
یمگان میں ایک ڈھلوان پر واقع ان کا مزار بارش اور دیگر قدرتی آفات کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ مقبرے کے داخلی حصے اور اندر کے شہتیر پر انتہائی خوبصورتی سے نقاشی کی گئی ہے اور قرآنِ مجید کی آیات سے مزین ہیں۔