رپورٹ: فخرعالم
طالبان نے پرنس کریم آغاخان کو افغانستان دورے کی دعوت دے دی ہے۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان کے ڈپٹی وزیرِ اعظم عبد السلام حنفی نے آغاخان کے خصوصی نمائندے علی اکبر پسنانی سے ہفتے کے روز ملاقات کی۔
افغانی میڈیا کے مطابق طالبان ڈپٹی وزیرِ اعظم نے اسماعیلیوں کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغاخان کو افغانستان دورے کی بھی دعوت دی۔
اطلاعات کے مطابق عبدالسلام حنفی نے آغاخان ڈیویلوپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) سے افغانستان میں ایک معیاری ہسپتال قائم کرنے کی بھی درخواست کی تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کیلئے ملک سے باہر جانا نہ پڑیں۔
اس موقع پر علی اکبر پسنانی نے آغاخان ڈیویلوپمنٹ نیٹ ورک کی طرف سے افغانستان میں جاری سماجی، اقتصادی اور ثقافتی کاموں کے حوالے سے طالبان رہنما کو آگاہ کیا اور مستقبل میں انہیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
روسی خبر رساں ایجنسی سپٹنک کے مطابق اکبر پسنانی نے خواتین کی تعلیم کی بحالی پر زور دیا اور جواب میں طالبان ڈپٹی وزیرِ اعظم نے بتایا کہ طالبان حکومت اس حوالے سے سازگار ماحول پیدا کر رہی ہے۔
طالبان رہنما نے درخواست کی کہ آغاخان کے ادارے افغانستان میں جاری اپنے کاموں کا دائرہ وسیع کرے۔ اس حوالے سے انہوں نے بھرپور معاؤنت فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کی۔