ویب ڈیسک
کراچی: داود یونیورسٹی کراچی میں گلگت بلتستان کے طلبہ کو نامزدگی کے باوجود داخلہ نہ دینے پر احتجاج کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق داود یونیورسٹی میں گلگت بلتستان کیلئے مختص کوٹہ کی بنیاد پر آٹھ طلبہ کا انتخاب ہوا تھا تاہم نامزدگی کے باوجود انہیں داخلہ نہ دینے پر گلگت بلتستان کے طلبہ نے انتظامیہ کے خلاف یونیورسٹی کے سامنے شدید احتجاج کیا اور سڑک بھی بند کی۔ احتجاج کے نتیجے میں یونیورسٹی انتظامیہ نے پیر کے روز تک معاملات حل کرانے کی یقین دہائی کی جس کے بعد احتجاج ختم کیا گیا۔ احتجاج میں گلگت بلتستان سمیت دوسری طلبہ تنظیموں سے بھی اسٹوڈنٹس نے شرکت کی۔ احتجاج رُکوانے کیلئے پولیس نے طلبہ کو ہراساں کرنے کی بھی کوشش کی۔ نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن گلگت بلتستان سندھ زون کے صدر اظہر الدین نے ایک ویڈیو پیغام میں احتجاج کے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی انتظامیہ کو تنبیہ کی کہ اگر پیر کی ڈیڈلائن تک مفاہمت کے زریعے انتظامیہ نے معاملات حل نہ کیے تو دوبارہ سے احتجاج کی کال دی جائے گی۔