نیوز ڈیسک
محنت کش خواتین کے عالم دن کے موقع پر منگل کے روز اسلام آباد، لاہور، کراچی اور ملتان سمیت پاکستان بھر اور زیر انتظام علاقوں میں ’عورت مارچ‘، سیمینار، جلسے اور ریلیاں منعقد کی گئیں۔
اسلام آباد، لاہور، کراچی اور ملتان میں ’عورت مارچ‘ کا انعقاد کیا گیا۔ ہزاروں خواتین، مردوں اور ٹرانس جینڈر شہریوں نے ان مارچوں میں شرکت کی۔ ملک کے دیگر چھوٹے اور بڑے شہروں میں ریلیاں، جلسے اورسیمینار منعقد کئے گئے اورصنفی تفریق کے خاتمے، سماجی انصاف اور معاشی مساوات کے مطالبات کے علاوہ خواتین کو درپیش دیگر مختلف نوعیت کے مسائل کو حل کرنے کے مطالبات کئے گئے۔
وفاقی دارالحکومت میں انتظامیہ کی طرف سے اسلام آباد پریس کلب کے ارد گرد کنٹینرز اور رکاوٹیں لگا کر عورت مارچ کو روکنے کی کوشش کی گئی۔ تاہم عورت مارچ کے شرکا بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور مارچ کی اجازت نہ دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جلسے کا انعقاد کیا گیا۔
فرزانہ باری، عاصمہ شیرازی، ریحانہ اخترسمیت دیگر رہنماؤں نے خواتین کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے حکومت کی طرف عورت مارچ کی اجازت نہ دینے کے عمل کی مذمت کی۔
کراچی میں منعقدہ عورت مارچ کا سب سے بڑا مطالبہ اجرتوں میں اضافہ، سماجی انصاف اور معاشی برابری تھا۔ کراچی میں باغ جناح میں عورت مارچ کے جلسہ کا انعقاد کیا گیا تھا۔
لاہور میں شملہ پہاڑی سے پی آئی اے بلڈنگ تک مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ مارچ کے شرکا نے مختلف نعروں سے سجے پوسٹر، پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جن کے ذریعے انہوں نے اپنے مطالبات پیش کئے اور خواتین کو بھی مرد حضرات جیسے یکساں مواقع اور حقوق فراہم کرنے کے مطالبات کئے۔
پاکستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام محنت کش خواتین کے عالمی دن کے موقع پر مختلف شہروں میں سیمینار منعقد کئے گئے۔
دارالحکومت مظفر آباد میں این ایس ایف کے ضلعی سیکرٹریٹ میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ ضلع باغ میں دو الگ الگ سیمینارز منعقد کئے گئے، جن میں سیکڑوں کی تعداد میں محنت کش خواتین اور طالبات نے شرکت کی۔
راولاکوٹ میں این ایس ایف کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا تھا۔ سیمینار میں درجنوں طالبات کے علاوہ این ایس ایف کے مرکزی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
لائن آف کنٹرول کی قریبی تحصیل عباسپور میں این ایس ایف کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں طالبات کی کثیر تعداد کے علاوہ طلبہ نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔