نیوز ڈیسک
سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان اقبال حسین کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی گلگت بلتستان کے فیصلوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں امن و عامہ کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکریٹری داخلہ نے ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ مختلف پولیس اسٹیشنز کو سختی سے ہدایات جاری کریں کہ وہ شیڈول فور میں شامل افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نگاہ رکھیں اور شیڈول فور کے لوازمات پر عملی طور پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ شیڈول فور میں شامل افراد خصوصی اجازت کے بغیر نقل و حرکت نہ کریں اور شیڈول فور میں شامل جن افراد نے ضمانتی بانڈ جمع نہیں کرائے ہیں وہ فوری طور پر ضمانتی بانڈ کو یقینی بنائیں۔عمومی امن و امان کے حوالے سے سیکرٹری داخلہ گلگت بلتستان نے ضلعی انتظامیہ بشمول محکمہ پولیس کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، جماعت خانوں اور دیگر عبادت گاہوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کو مزید بہتر کریں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اس وقت گلگت بلتستان میں 36 افراد شیڈول فور میں شامل ہیں اس سلسلے میں کمیٹی کو اختیار دیا گیا کہ وہ ضرورت پڑنے پر شیڈول فور میں شامل یا خارج کرنے سے متعلق حالات کا جائزہ لیکر فوری فیصلہ کرسکتی ہے۔سیکریٹری داخلہ نے مزید ہدایت دی کہ وہ شیڈول فور میں شامل افراد کی بلا اجازت آزادانہ نقل و حرکت پر کڑی نگاہ رکھیں تاکہ شیڈول فور پر مکمل عمل درآمد کو ممکن بنایا جاسکے۔انسداد دہشتگردی کے اقدامات سے متعلق اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت انسداد دہشت گردی کے تحت 54 کیسز درج ہیں جن کی پیش رفت کے حوالے سے انسداد دہشتگردی کے اقدامات کو سراہا گیا اور اس سلسلے میں ایک خصوصی اجلاس متعلقہ حکام کے ساتھ رکھا جائے گا۔ اجلاس میں مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں کل 157 مدارس ہیں جہاں تقریبا دس ہزار طلباء زیر تعلیم ہیں ۔وزارت مذہبی امور کے نمائندے نے اجلاس کو بتایا کہ ان تمام مدارس کی رجسٹریشن کے لئے اقدامات جاری ہیں اور ساتھ ساتھ رجسٹریشن فارم ان مدارس کو ارسال کئے جا چکے ہیں جس پر سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی کہ وہ ان مدارس سے رابطہ کرکے رجسٹریشن کے عمل کو تیز تر کریں۔اجلاس میں مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیلائی جانے والی منافرت و فتنہ فساد کو روکنے کے لیے ایک خصوصی اجلاس منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے جس میں ماہرین کی مشاورت و معاونت سے سوشل میڈیا کی وجہ سے درپیش مسائل سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے، جس میں ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے پر خصوصی زور دیا گیا۔اجلاس میں سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان نے سیکریٹری انفارمیشن گلگت بلتستان کو ہدایت جاری کی کہ وہ محکمہ داخلہ اور محکمہ قانون کی مشاورت سے ایک جامع سوشل میڈیا پالیسی کی تشکیل پر کام کیا جائے جسے منظوری کے لیے صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کیا جاسکے۔ اجلاس میں سیکریٹری انفارمیشن گلگت بلتستان صفدر خان ،سوشل ویلفیئر ولی خان ایڈیشنل سیکرٹری ایجوکیشن،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے احکام،ضلعی انتظامیہ و دیگر متعلقہ آفیسران شامل شریک تھے۔