ویب ڈیسک
سینئر صحافی اور سماجی کارکن محمد علی مجاہد نے کہا ہے کہ چترالیوں کو وزٹ ویزہ پر نوکری کا جھانسہ دے کر بیرون ملک بھیجنے کی روک تھام کی جائے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اورسیز چترالیوں کے مطابق چترال سے تعلق رکھنے والے کئی افراد کو چند مفاد پرست لوگ دھوکے سے نوکری کا جھانسہ دے کر قلیل مدت وزٹ ویزہ پر بیرون ملک خصوصا دبئی اور سعودی عرب بھیج رہے ہیں۔ یہ افراد وہاں پہنچ کر ملازمت نہ ہونے اور ویزہ کی مدت ختم ہونے پر شدید مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔ ان سادہ لوح لوگوں کے پاس کوئی پیشہ ورانہ مہارت بھی نہیں ہوتی۔
گزشتہ روز اورسیز چترالیز ایسوسیئشن کے صدر حاجی ظفر نے بھی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ چترالیوں کو وزٹ ویزہ پر دبئی بھیجا گیا ہے۔ محمد علی مجاہد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی کہ ایسے ایجنڈوں کی نشاندہی کی جائے جو لوگوں سے پیسے بٹور کر انہیں باہر بھیج رہے ہیں۔