Baam-e-Jahan

عوامی نمائندے کی نااہلی کے باعث سرکاری ملازمین ہنزہ کے عوام کے بے تاج بادشاہ بنے ہوئے ہیں، آصف سخی

ویب ڈیسک


سابق امیدوار گلگت بلتستان اسمبلی حلقہ 6 ہنزہ و رہنماء عوامی ورکرز پارٹی آصف سخی نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ عوامی نمائندے کی نااہلی اور جی حضوری کے باعث ڈی سی، اے سی سے لے کر گریڈ ون تک تمام سرکاری ملازمین عوام ہنزہ کے بے تاج بادشاہ بنے ہوئے ہیں،آئے روز علی آباد اور ہنزہ کے دیگر مقامات پر یہ لوگ عوامی زمینوں کو ہتھیانے کی کوشش کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ ہنزہ والوں نے زمین کی خاطر اس سے قبل بھی جانیں قربان کی ہیں اور جانیں لی بھی ہیں۔ انہوں نے جمعرات کے روز آغا خان آباد، علی آباد غیر قانونی اور جبری طور پر ڈی سی اور اے سی ہنزہ کی جانب سے زمین ہتھیانے کی کوشش پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے میڈیا کو جاری بیان میں کہا ہے کہ ڈی سی اور اے سی بے لگام گھوڑے بننے ہوئے ہیں اور نااہل سلیکٹڈ سینئر وزیر نے خود گزشتہ دنوں گوجال میں ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے اقرار کیا ہے کہ نہ ہم سے ڈی سی پوچھتا ہے اور نہ اے سی پوچھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنزہ کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ اس سینئر وزیر موصوف کو انہی ڈی سی اور اے سی کے مرہون منت مسلط کیا گیا ہے تاکہ ان بیوروکریٹس کی جی حضوری اور ہنزہ کے عوام کا استحصال کیا جاسکے اور ہنزہ کی زمینوں کو ہتھیایا جاسکے جن زمینوں نے ہزاروں سالوں سے ہمارے اجداد نے قربانیاں دے کر تحفظ کی ہے۔ عوامی ورکرز پارٹی اس طرح عوام کا استحصال اور زمینوں پر جبری قبضہ کی کوشش کی بھر پور الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور عوام ہنزہ کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کے کھڑی ہے جبکہ دیگر وفاقی جماعتوں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کی کوئی حیثیت نہیں کہ وہ اس طرح کے ایشوز پر بات کرتے ہوئے مذاحمت کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی اسی طرح کے مسائل پر ہم عوام اور مقامی زمین مالکان کے ساتھ آخری وقت کھڑے رہے ہیں، ہم کبھی بھی ریاستی اداروں کی جانب سے مقامی لوگوں کو ہراسا کرنے کی کوشش کو قطعاً برداشت نہیں کریں گے۔ یہ بیوروکریسی عوام کی نوکر ہے،عوام کی نوکر بن کے رہے اور علاقے کے عوام کی خدمت کرکے اپنی تنخواہ حلال کرے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی سی اور اے سی پلاسٹک فری کمپین چلائے ان کی حیثیت یہی ہے، یہ مقامی عوام کی زمینیں چھینے کی کوشش بند کرے، اگر ان کی جانب سے یہ گناونا سلسلہ بند نہیں ہوا تو پورا ہنزہ سڑکوں پہ آئے گا اور پھر حالات کے ذمہ دار یہی ڈی سی اور اے سی ہنزہ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سالوں سے قراقرم ہائے وے کے نام پر ریاست پاکستان کی جانب سے ہتھیائی گئی زمینوں کا تاحال کمپنسیشن نہیں مل سکا ہے جبکہ ریاست ان بیوروکریٹس کے ہاتھوں عوامی آباد کار زمین کو ہتھیاکر عوام کو اشتعال مت دلائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں