ویب ڈیسک
اپر چترال میں ریشن کے قریب کڑک کے مقام پر ڈاٹسن اورموٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار 2 نوجوان دریا میں جا گرے ہیں۔ دریا برد ہونے والے نوجوانوں میں سید ذولفقار حسین ولد سید شاہ حسین اور سید اکاش حسین ولد سید ربی شاہ کا نام بتایا جارہا ہے۔ دونوں کا تعلق زئیت سے تھا۔
حادثے کے بعد مقامی لوگوں اور ریسکیو 1122 کی طرف سے دریا کے کنارے دونوں نوجوانوں کی لاشوں کی تلاش جاری ہے۔
یاد رہے کہ اس مہینے یہ اس علاقے میں تیسرا موٹرسائیکل حادثہ ہے۔ اس سے پہلے جنالی کوچ اور گرین لشٹ کے مقام پر موٹر سائیکل حادثوں میں دو نوجوان جان بحق اور ایک شدید زخمی ہوچکا ہے۔
اپر چترال میں سڑکوں کی ناگفتہ بہ حالت، روڈ سیفٹی کے فقدان اور ٹریفک قوانین کی عدم پیروی کی وجہ سے ٹریفک حادثات روز کا معمول بن چکے ہیں جس میں ہر سال کئی قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا ہے۔