کریم اللہ
اپر چترال میں بونی مستوج روڈ پر جاری کام کی وجہ سے اَوی لشٹ اور ملحقہ علاقوں کو سراب کرنے والی واحد نہر مارچ کے مہینے سے بند ہے۔ اوپر سڑک پر جاری کام کی وجہ سے بھاری پتھر اور ملبہ نہر میں گر رہے ہیں جس کی وجہ سے پانی کا گزر ناممکن ہوچکا ہے۔ پانی کا بہاؤ رُکنے کی وجہ سے اَوی لشٹ اور اس سے ملحقہ علاقوں کے ایک سو بیس گھرانوں کی کھڑی فصلیں اور درخت سوکھ کر تباہ ہورہے ہیں۔ یہاں کے مکینوں نے ہمارے نمائندے کو بتایا کہ ہم مارچ سے مسلسل ضلعی انتظامیہ کی نوٹس میں یہ بات لا رہے ہیں کہ اس سڑک کی تعمیر سے اس کے نیچے ہماری زمینات، درخت اور نہر تباہ ہورہے ہیں۔ ٹھیکیدار کو پابند بنایا جائے کہ وہ ملبہ ہماری نہر اور درختوں کے اوپر نہ گرائے مگر ہماری بات کوئی بھی سننے کو تیار نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سڑک پر کام کی وجہ سے گرنے والا ملبہ ہماری زمینوں اور درختوں کو تباہ کر رہا ہے مگر اس کا کوئی معاوضہ ہمیں نہیں مل رہا ہے۔ اس کے علاوہ اوپر سے بھاری پتھر اور مٹی گرنے کی وجہ سے علاقے کو سیراب کرنے والی واحد نہر بھی خراب ہوچکی ہے جس کی وجہ سے کھڑی فصلیں اور درخت تباہ ہورہے ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ، منتخب نمائندوں اور متعلقہ ڈیپارٹمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد نہر کی بحالی کا کام کریں اور درختوں اور زمینوں کا معاوضہ ادا کرکے ملبہ ہماری آباد زمینوں پر نہ گرائیں۔