Baam-e-Jahan

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے بڑھتی ہوئی خودکشیوں کا نوٹس لے لیا، اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل

ویب ڈیسک


وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید نے علاقے میں بڑھتے ہوئے خودکشی کے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ان افسوسناک واقعات کے محرکات و وجوہات کی جامع تحقیق اور ایسے واقعات کے روک تھام کے لئے سفارشات اور اس حوالے سے ٹھوس لائحہ عمل مرتب کرنے کے لئے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

وزیراعلی خالد خورشید نے نوجوانوں کو خصوصی تلقین بھی کی ہے کہ انسان اس کائنات پر اللہ تعالیٰ کی بہترین مخلوق ہے اور انسانی زندگی ایک خوب صورت نعمت ہے۔ اسلامی تعلیمات کے اعتبار سے بھی کسی بھی حالت میں خودکشی کی سخت ممانعت ہے۔ نوجوان پختہ یقین رکھیں کہ ہر مشکل کے بعد آسانی ہوتی ہے اور ہر تاریک رات کی ایک روشن صبح ہوتی ہے۔ حوصلے اور عزم و استقامت کے ساتھ زندگی میں درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے۔

وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے سول سوسائٹی، والدین، علماء، اساتذہ اور معاشرے میں اثر و رسوخ رکھنے والے تمام دیگر شخصیات سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ خودکشی کے رجحان کے خاتمے کے لئے اپنا موثر کردار ادا کریں۔

وزیراعلیٰ خالد خورشید نے کہا ہےکہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں اور سب سے انمول سرمایہ ہیں۔ ان میں بڑھتے ہوئے خودکشی کے واقعات سب کے لئے انتہائی باعث تشویش ہیں۔ حکومت، والدین اور سوسائٹی نے مل کر خودکشی کے اس بڑھتے رجحان کو روکنا ہے اور اپنے نوجوانوں کو ایک بھرپور زندگی جینے کی امید دینی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے