ویب ڈیسک
عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے چیئرمین و رہنماوں نے سکوار اسمبلی، پشتنی باشندگان گلگت اور سکوار یوتھ کی دعوت پر سکوار کا دورہ کیا۔ اس دوران سکوار اسمبلی کے رہنما حاجی نائب خان کے مہمان خانے میں سکوار کے عمائدین اور نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس دوران گفتگو کرتے ہوئے سکوار اسمبلی کے رہنما حاجی نائب خان نے عوامی ایکشن کمیٹی کی گلگت بلتستان کے حقوق کے لئے جدوجہد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان عوام کے حقوق کا ضامن ہے جو بلا تفریق عوامی مسائل اور عوامی حقوق کے لئے جدوجہد کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت گلگت بلتستان میں عوامی زمینوں پر قبضہ کیا جارہا ہے اور گلگت بلتستان اسمبلی قانون سازی نہیں کر رہی بلکہ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہی ہے۔ اگر گلگت بلتستان اسمبلی کے پاس اختیارات نہیں ہیں تو نمائندے استعفیٰ دے کر عوام میں آجائے ہم مل کر جدوجہد کرینگے۔
عمائدین سکوار سے خطاب کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے چیئرمین فدا حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کسی فرد کے ساتھ ظلم و زیادتی نہیں ہونے دیں گے، گلگت بلتستان کی زمینیں، پہاڑ ، مٹی، پانی، دریا صرف اور صرف گلگت بلتستان کے عوام کے ہیں، ہم پشتنی باشندگان اور سکوار اسمبلی کے مطالبات کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم کسی بھی بیوروکریٹ کو گلگت بلتستان کی زمینوں پر قبضہ کر کے یہاں کا ڈومیسائل حاصل کرنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمران طبقہ ہمارے خون پسینے کی کمائی سے موج مستیاں کر رہے ہیں اور غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری زمینیں اور ہماری سرحدیں محفوظ نہیں ہے شندور اور اشکومن کے علاقے قرمبر پر کے پی کے حکومت کا قبضہ قابل قبول نہیں ہے ہم نے اس کے خلاف پہلے بھی بات کی ہے اور آئندہ بھی جدوجہد کرینگے۔
اس دوران خطاب کرتے ہوئے عوامی ایکشن کمیٹی بلتستان کے رہنما شبیر مایار نے کہا کہ اگر عوام متحد ہوجائے تو کوئی بھی ہمیں حقوق سے محروم نہیں رکھ سکتا ہے ، پاکستان سے برامد شدہ پارٹیاں ہنارے حقوق کی ضامن نہیں بلکہ ہمارے حقوق پر شب خون مارتی ہیں اور مقامی آلہ کاروں کی طرف سے عوام کو بے وقوف بنایا جاتا ہے، آپ اپنے حقوق کے لئے باہر نکلیں حقوق مل جائیں گے۔
پشتنی باشندگان گلگت کے صدر نے بات کرتے ہوئے کہا کہ گلگت پورے گلگت بلتستان کے لوگوں کو آغوش میں لئے بیٹھا ہے سب کو حقوق ملنے چاہئے لیکن پشتنی باشندگان کی زمینوں اور جائداد کو تحفظ ملے اور ہمیں ہمارے ملکیتی حقوق دیئے جائیں۔
اجلاس سے ایکشن کمیٹی غذر کے رہنما اقبال حسین، ڈی ایس پی حکم خان، زبیر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔