پاکستان اپ ڈیٹ نمائندہ خصوصی کراچی: شہید بے نظیر بھٹو کی 11 ویں برسی آج گڑھی خدا بخش بھٹو میں منائی جائے گی، اپنی قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر سے جیالوں کے قافلے گڑھی خدابخش بھٹو پہنچ گئے۔برسی کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہو گا، جس کے بعد ایصال ثواب کے لیے مزار کے اندر قرآن خوانی کی جائے گی۔ مزار کے باہر لنگر کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ برسی کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کارکنان کو سخت چیکنگ کے بعد مزار کے اندر داخل ہونے دیا جائے گا۔ مزار کی سکیورٹی کے لیے 7000 سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے، جب کہ مزار کے اندر 20 سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔ تمام داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ لگائے گئے ہیں۔ گاڑیوں کے لیے پانچ پانچ کینال پر مشتمل چار پارکنگ ایریاز بنائے گئے ہیں، جہاں ٹریفک پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا، جب کہ وی آئی پی موومنٹ کے لیے ٹریفک پولیس کا سپیشل سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ مزار کے سامنے ہونے والے جلسے سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری خطاب کریں گے۔ جس کے لیے 100 فٹ لمبا اور 80 فٹ چوڑا اسٹیج تیار کر لیا گیا ہے۔ جلسے سے پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما بھی خطاب کریں گے۔ جلسے کے آغاز پر شہید بے نظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مشاعرے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے ۔علاوہ ازیں محکمہ محنت و افرادی قوت حکومت سندھ کی جانب سے بھی 27 دسمبر کو صوبے کی تمام فیکٹریوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے لئے تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، سیکریٹری محکمہ محنت و افرادی قوت سندھ کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔