پاکستان اپ دیٹ ویب دیسک : اداکارہ کنگنا رناوت ان دنوں زوروشورسے اپنی آنے والی فلم ’مانی کارنیکا؛ کوئین آف جھانسی‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، فلم میں کنگنا جھانسی کی رانی لکشمی بائی کے کردارمیں نظر آئیں گی، کنگنا اس فلم پر گزشتہ دوسالوں سے کام کررہی ہیں تاہم اپنی تیاری کے دوران یہ فلم کئی تنازعات کا شکار ہوئی۔
فلم کے ہدایت کار کرش نے فلم کو درمیان سے ہی چھوڑدیاتھا جس کے بعد ’مانی کارنیکا‘کی ہدایت کاری کے فرائض خود کنگنا نے سنبھال لیے تاہم کنگنا کی ہدایت کاری سے اداکار سونوسود خوش نہیں تھے اور انہوں نے بھی فلم درمیان سے ہی چھوڑ دی اورکہا وہ کنگنا کی ہدایت کاری میں کام نہیں کرسکتے۔
فلم مانی کارنیکا کا ٹریلر چند روز قبل منظرعام پر آیا تھا جہاں ٹریلر کو شائقین کی جانب سے اچھا ردعمل ملا وہیں ٹریلر پر بہت سارے لوگوں نے تنقید بھی کی۔ کنگنا رناوت نے اپنی فلم پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے جولوگ میرے اورمیری فلم کے متعلق اچھا نہیں بول رہے مجھے یقین ہے میری فلم ان کے منہ بند کردے گی۔
اداکارہ کنگنا رناوت ’مانی کارنیکا‘ کے ساتھ ہدایت کاری کے شعبے میں بھی قدم رکھ رہی ہیں، اپنی فلم کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ ابتدا میں انہیں بہت زیادہ پریشانی ہوئی تھی لیکن میں نے بطور اداکارہ اور ہدایت کارہ فلم کے ساتھ انصاف کیا ہے، میں اپنی فلم کو لے کر بہت پُرجوش ہوں، مجھے فلم کی ریلیز کا بے صبری سے انتظارہے۔ فلم’مانی کارنیکا‘ اگلے ماہ 25 جنوری کو ریلیز کی جائے گی۔