Baam-e-Jahan

ریکارڈزبک ؛ اسٹین کا نام سنہری حروف میں درج

پاکستان اپ ڈیٹ ویب ڈیسک : ڈیل اسٹین گزشتہ3سال میں انجریز کا شکار رہنے کی وجہ سے کم ازکم27ٹیسٹ میچز کیلیے جنوبی افریقی ٹیم کو دستیاب نہیں ہوسکے، یوں شان پولاک کا ریکارڈ بھی محفوظ رہا، گزشتہ روز سنچورین ٹیسٹ میں پیسر نے پاکستانی اوپنر فخرزمان کو ڈین ایلجر کی مدد سے پویلین بھیج کرکیریئرکی 422ویں وکٹ حاصل کی، اسی کے ساتھ انھوں نے کامیاب ترین پروٹیز بولرکا اعزاز اپنے نام کرلیا، شان پولاک نے 108 ٹیسٹ میں 421 شکار کیے تھے،اسٹین نے یہ سنگ میل 89ویں میچ میں عبورکیا، مجموعی طور پر زیادہ وکٹیں لینے والے ٹیسٹ بولرز کی فہرست میں جنوبی افریقی پیسر 11ویں نمبر پر آگئے ہیں، سابق سری لنکن اسپنر مرلی دھرن 800 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست، آسٹریلوی شین وارن 708 شکار کرکے دوسرے اور بھارتی انیل کمبلے (619وکٹیں) تیسرے نمبر پر ہیں۔

پاکستان کے سب سے کامیاب ٹیسٹ بولر کا اعزاز وسیم اکرم کے پاس ہے، سابق کپتان نے 414 وکٹیں اڑائیں، وہ عالمی فہرست میں 14ویں پوزیشن پر ہیں۔ دریں اثنا سنچورین ٹیسٹ میں ٹی وی پر کمنٹری کے دوران شان پولاک نے ڈین اسٹین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک شاندار پرفارمر رہے ہیں،انھوں نے ایک چیمپئن بولر کے طور پر جنوبی افریقی پیس اٹیک کی قیادت کا حق ادا کیا۔

یاد رہے کہ کیریئر کے آغاز میں ڈیل اسٹین 150کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرتے ہوئے ہر طرح کی کنڈیشنز میں حریفوں کیلیے خطرہ ثابت ہوتے تھے،انھوں نے دسمبر 2009سے نومبر 2015کے دوران مسلسل 48ٹیسٹ میں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے 263شکار کیے، مگر پھر انجری کی وجہ سے وہ ٹیم کا مستقل حصہ نہیں رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے