"معاشرے سے کرپشن کی روک تھام میں افرادکا کردار "کے موضوع پر سکولوں کے درمیان مقابلے اختتام پزیر
کریم اللہ
معاشرے سےکریشن کی روک تھام میں افراد کا کردار کے موضوع پر اسٹوڈنٹس کے درمیان تقریر، مضمون نویسی اور پینٹنگ کے مقابلے گورنمنٹ ہائی سکول بونی میں اختتام پزیر ہوئے ۔ اس سے قبل یہ مقابلے تحصیل لیول پر منعقد ہوئے تھے جہاں سے کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات نے ضلعی سطح پر بونی میں مقابلہ کیا۔ ان مقابلوں کا انعقاد نیب کے حکم پر ضلعی انتطامیہ اور محکمہ تعلیم اپر چترال نے مل کر کیا تھا ۔ مقابلے میں اپر چترال کے مختلف علاقوں سے درجن بھر طلبہ و طالبات نے شرکت کی اور کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے مضمون ، مصوری اور تقریر پیش کی ۔ یہاں سے کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات اگلے مرحلے میں پشاور میں منعقد ہونے والے مقابلوں میں شرکت کریں گے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمیشنر اپر چترال شاہ سعود مہمان خصوصی جبکہ پروگرام کی صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اپر چترال محمود غزنوی نے کی۔
مقابلوں کے اختتام پر کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈ اور سرٹیفیکیٹ تقسیم کی گئی ۔
جبکہ مختلف مقررین نے اپنے خطاب میں نہ صرف بچوں کی بہترین پرفارمنس پر انہیں شاباش دی بلکہ معاشرے سے کرپشن جیسے ناسور کے خاتمے میں سب کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔
تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمیشنر شاہ سعود نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج کے مقابلوں میں جن بچوں نے پرفارمنس دی امید ہے کہ وہ پشاور میں جاکر بھی کامیابی سمیٹ کر علاقے کا نام روشن کریں گے ۔ اس موقع پر ڈی ای او اپر چترال محمود غزنوی نے کہا کہ نیب ، ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے مل کر ان مقابلوں کا اہتمام کیا تھا جس کا مقصد بچوں میں کرپشن کے خلاف نفرت بیدار کرنا تھا۔ مقابلے میں ایک طالبہ انارہ ابراہم نے کہا کہ اس قسم کے پروگرامات سے اسٹوڈنٹس کو نہ صرف اپنی صلاحیتوں کو منوانے کا موقع ملتا ہے بلکہ اس سے اسٹوڈنٹس میں خود اعتمادی بھی پیدا ہوتی ہے ۔
طالبہ شمیم اختر کا خیال ہے کہ اس قسم کے پروگرامات ماہانہ بنیادوں پر منعقد ہونی چاہئے تاکہ اسٹوڈنٹس میں خود اعتمادی او راپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع مل سکیں۔
اس موقع پر نظامت کے فرائض اے ڈی ای او (اسپورٹس ) اپر چترال ذوالفقار علی شاہ اور امتیاز علی خان نے سرانجام دی ۔