Baam-e-Jahan

سنکیانگ گورنر کا طبی سامان کاعطیہ جی بی حکام کے حوالے


وزیر اعلٰی نے سنکیانگ کے گورنر کا عطیہ خنجراب بارڈر پاس پر وصول کیا اور چین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا

رپورٹ: عنایت ابدالی
تصاویر : آصف سخی

گلگت: چین کی صوبہ سنکیانگ کے گورنر کی جانب سے وبائی بیماری کرونا وائریس سے نمٹنے کے لئے طبی سامان کا تحفہ جمعے کے روز صبح نو بجے خنجراب کے بلند ترین پاس پر گلگت بلتستان کے وزیر اعلٰی حافظ حفیظ الرحٰمن کے حوالہ کیا گیا۔

اس موقع پر فورس کماندر میجر جنرل احسان محمودخان اور چیف سیکرٹری کپٹین (ر) خرم آغا و دیگر حکام بھی موجود تھے۔

جبکہ دوسری جانب چین کےدفتر خارجہ کے اعلی حکام کے علاوہ ڈی سی کاشغر کے ڈپٹی کمشنر اور دیگر سرکاری افسران موجود تھے۔


وزیر اعلٰی نے اس موقعہ پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہمسایہ دوست ملک چین کے صدر شی جن پنگ اور سنکیانگ کے گورنر شکرت ذاکر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ہر ممکن ساتھ دیا ہے ۔

چین سے آئے ہوئے مہمانوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں ان کا ملک پاکستان کے ساتھ ہے اور یقین دہانی کیا کہ اس عالمی وبائی بیماری سےنمٹنے کے لئے چین پاکستان کو مزید امدادی سامان فراہم کرے گی۔

خیال رہے وزیر اعلٰی حفیظ الرحٰمن نے گزشتہ ہفتے سنکیانگ کے گورنر کو ایک خط لکھا تھا جس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئےضروری طبی اور حفاظتی سامان فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ جس پر گورنر شکرت ذاکر نے فورا قبو ل کرتے ہوئے گلگت بلتستان کے لئے طبی سامان عطیہ کرنے کا اعلان کیا ۔

گزشتہ منگل کو اسلام آباد میں چین کے سفارتخانے نے حکومت پاکستان وزارت خارجہ سے درخواست کی تھی کہ وہ 27 مارچ کوخنجراب بارڈر پاس کو عارضی طور پر کھولیں تاکہ طبی سامان کو گلگت بلتستان کے حکام کے حوالہ کیا جا سکے۔

گلگت بلتستان کے وزیر اور وائس چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ ناظم الامین نے ہائی ایشیاء ہیرالڈ اور ہائی ایشیاء ٹی وی کو طبی سازوسامان کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ پہلی کھیپ میں دو لاکھ عام چہرے کے ماسک، 2،000 این-95 خصوصی چہرے کے ماسک، 5 وینٹیلیٹر، 2،000 ٹیسٹنگ کٹس، اور 2،000 طبی حفاظتی لباس شامل ہیں جن کی کل مالیت 6کروڈ 44لاکھ روپے بنتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ طبی سامان کا دوسرا کیھپ اگلے ہفتے چین کے صوبہ ہنان سےجہاز کے زریعے اسلام آباد پہنچایا جائیگا اور این ڈی ایم اے یہ سامان وصول کر کےجی بی کے حکام کے حوالے کرے گا۔

وزیر اعلی نے اپنے خط میں چینی قیادت اور عوام کو کورونا وائرس کو شکست دینے پر مبارکباد دی تھی۔
انہوں نے صدر شی جن پنگ اور چینی عوام کو کم سے کم وقت میں وبائی بیماری پر قابو پانے کے لئے مثالی نظم و ضبط اور عزم کا مظاہرہ کرنے ، دنیا کو تحریک اور امید پیدا کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

وزیراعلیٰ نے 50 لاکھ ماسک ، 100 وینٹیلیٹر ، 5000 ریپڈ ٹیسٹ کٹس ، 15،000 حفاظتی سوٹ ، 10 ریئل ٹائم پی سی آر سسٹم (بائیو سسٹم ، 10 بائیوسفیٹی کیبنٹ، بی ایس ایل ، 3 الٹرا سینٹرفیوجز ، 3 آٹوکلیوز ۔ ، 100،000 بائیوہزارڈ بیگ ، 100،000 تھری پلائی سرجیکل ماسک ، 10،000 چشمیں ، 10 لاکھ ہینڈ سینیٹائزر ، 2،000 فومگیشن مشینیں ، 100،000 ذاتی حفاظتی سامان (پی پی ای) ، اور 10 ایچ پی لیزر جیٹ پرنٹرز کی درخواست کی تھی

ناظم الا امین نے چینی حکام اور خاص طور پر گورنر شکرت ذاکر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ بقیہ ساامان اور حفاظتی لباس اگلے ہفتے تک چین سے مل جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے