Baam-e-Jahan

پیپلز پارٹی گلگت بلتستان نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے خلاف عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کر لیا

ویب ڈیسک


پاکستان پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایکزیگٹیو کمیٹی کے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں عدم اعتماد لانے کے فیصلے کی روشنی میں پیپلز پارٹی گلگت بلتستان نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے خلاف عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا۔ قائدِ حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ کے زیر صدارت اپوزیشن لیڈر چیمبر میں ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پی ڈی ایم گلگت بلتستان میں وزیر اعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد لانے کے لئے پیر سے باقاعدہ کام کرے گی اسی سلسلے میں پیر کے روز پیپلز پارٹی کی جانب سے کمیٹی بنائی جائے گی کمیٹی پی ڈی ایم کے دیگر جماعتوں سے رابطہ اور جوڑ توڑ کرے گی۔ وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے لئے نام کا فیصلہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں متفقہ طور پر کرینگی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہاکہ گلگت بلتستان میں عدم اعتماد یقینی ہے پیر سے اس پر باقاعدہ کام کا آغاز کیا جائے گا۔ قائدِ حزب اختلاف نے پیپلز پارٹی کے رہنماوں اور کارکنوں کو یہ ہدایت جاری کی کہ وہ سپریم کورٹ کے فیصلے اور عمران خان کے جانے کی خوشی میں گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں افطار پارٹیوں کا انعقاد کریں اور رمضان المبارک کے اس مقدس مہینے میں دوسروں کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں ۔ قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ دس آمر ملکر ایک عمران خان بنتا ہے لہذا آج ملکی تاریخ میں پاکستان سے ایک بڑا بوجھ ختم ہوا۔ جس طرح عمران نیازی کو پاکستانی عوام پر مسلط کیا گیا ہے اب اسکا منطقی انجام سامنے آچکا ہے۔ نیازی سرکار نے ملک کو معاشی طور پر تباہ کیا اور عوام سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیا۔ آج ملک کے غریب عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ اب پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا دور شروع ہوگا ۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سنیئر نائب صدر جمیل احمد، نائب صدر بشیر احمد خان، رکن اسمبلی غلام شہزاد آغا سمیت دیگر رہنماؤں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا شروع دن سے واضح موقف رہا تھا کہ ایوان میں عدم اعتماد کے ذریعے نیازی کو گھر بھیج دینگے جس کے بعد پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں نے پیپلز پارٹی کے موقف کی تائید کی اور آج ملک سے بہت بڑی بیماری چلی گئی اب پاکستان میں پی ڈی ایم کی لیڈر شپ مہنگائی کے خاتمے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے گی پیپلز پارٹی کے قائدین نے کہا کہ گلگت بلتستان سے بھی بزدار ٹو کا خاتمہ ہوگا اور یہاں بھی پی ڈی ایم حکومت قائم کرے گی۔اس اجلاس میں پیپلز پارٹی ضلع گلگت کےصدر زوار فدا حسین، سنیئر رہنما ناصر میر، اقبال رسول، کلثوم مہدی، پروین جاوید، وسیم بادامی سمیت دیگر رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں