رپورٹ: گل حماد فاروقی
چترال کے علاقے مروئی بالا میں بجلی کی حصول کیلئے آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس موقع پر سابقہ ایم این اے شہزادہ افتحار الدین مہمان خصوصی تھے جبکہ کانفرنس کی صدارت سابق ایم پی اے مولوی عبد الرحمان نے کی۔
آل پارٹیز کانفرنس میں علاقے کے عمائدین نے کہا کہ صرف لوئر چترال میں گولین بجلی گھر کے آس پاس کے علاقے پچیس ہزار آبادی پر مشتمل ہے مگر یہ لوگ پچھلے گیارہ مہینوں سے بجلی سے محروم ہیں۔
اس علاقے کو پہلے صوبائی محکمہ پیڈو کی ریشن پن بجلی گھر سے بجلی فراہم کرتی تھی مگر دو ہزار پندرہ میں ریشن بجلی گھر سیلاب کی وجہ سے تباہ ہوا اور چھ سال بعد دو ہزار اکیس میں دوبارہ بحال کیا گیا۔
اس دوران اس علاقے کو واپڈا کی بجلی گھر سے پیسکو بجلی فراہم کرتی تھی تاہم پچھلے سال صوبائی اور وفاقی محکمہ بجلی یعنی پیڈو اورپیسکو کے درمیان لائن لاس اور ٹیرف یعنی بجلی کی نرح پر جھگڑا پیدا ہوا۔
چونکہ واپڈا کی بجلی نہایت مہنگی ہے اور پیڈو کی بجلی اس سے سستی ہے جو صوبائی محکمہ ہے۔ اس جھگڑے کے نتیجے میں یہ علاقہ پچھلے گیارہ مہینوں سے بجلی سے محروم ہیں یہاں چوبیس گھنٹوں میں صرف تین گھنٹے بجلی آتی ہے۔
علاقے کے عمائدین نے متنبہ کیا کہ اگر یہ مسئلہ جلد سے جلد حل نہیں ہوا اور یہاں چوبیس گھنٹوں میں صرف تین گھنٹے آنے والی بجلی کا بھی لوگ بائیکاٹ کرکے اسے منقطع کریں گے اور ساتھ ہی ہم خواتین، بچوں سمیت سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوں گے۔
آل پارٹیز کانفرنس سے جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام، پاکستان تحریک انصاف، پاکستان مسلم لیگ ن، عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی و مذہبی پارٹیوں کے رہنماوں نے بھی اظہار حیال کیا۔ ہمارے نمائندے کے ساتھ باتیں کرتے ہوئے بڑوں کے ساتھ ساتھ بچوں اور طلباء نے بھی بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ان کو درپیش مشکلات پر مایوسی اور افسوس کاا ظہار کیا اس کانفرنس میں کثیر تعداد میں ضلع لوئیر اور ضلع اپر چترال کے لوگوں نے شرکت کی جو بالکل غیر سیاسی طو ر پر صرف ایک پواینٹ ایجنڈے پر اکھٹے ہوئے تھے۔ اس کانفرنس میں طلباء اور علاقے کے لوگوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی جن کی منہ پر ایک ہی مطالبہ تھا کہ ہمیں بجلی دی جائے۔آل پارٹیز کانفرنس دعائیہ کلمات کے ساتھ احتتام پذیر ہوا۔