اسلام آباد (پ۔ر) پاکستان اور نیپال کی تاریخ، ثقافت اور تہذیب صدیوں کی ہم سفری اور محبت کی امین ہے۔ان خیالات کا اظہار غرالہ سیفی، پالیمانی سیکرٹری، قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن نے اکادمی ادبیات پاکستان کے زیر اہتمام نیپال سے آئے ہوئے اہل قلم کے وفد کی آمد کے موقع پر”عصری پاکستانی اور نیپالی ادب“ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وہ اس سیمینار کی صدارت کر رہی تھیں۔مہمان خصوصی انجنیئرعامر حسن، وفاقی سیکرٹری، قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن تھے۔ سید جنید اخلاق، چیئرمین اکادمی ادبیات پاکستان نے وفد اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔حفیظ خان نے عصری پاکستانی ادب اور نیپال اکیڈمی کے چانسلر گنگا پراساد اُپریتی نے عصری نیپالی ادب کے موضوع پر مقالات پڑھے۔نظامت محبوب ظفر نے کی۔ غرالہ سیفی، پالیمانی سیکرٹری، قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن نے کہاکہ لکھاری چاہے کسی بھی خطے کے ہوں ان کا فرض بنتا ہے کہ وہ متحد ہو کر ہم قدمی اور ہم دلی کے ساتھ مکالمے کی روایت کو آگے بڑھائیں۔ امن، استحکام، آزادی اور خطے کی بقائے باہمی کے لیے ماحول کو سازگار اور خوشگوار بنانے میں اہلِ قلم کا کردار انتہائی مثبت اور قابلِ تقلید ہوتا ہے۔ ہماری حکومت جنوبی ایشیا اور دنیا کو درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے اہلِ فکر و دانش سے روشنی حاصل کرنے کا عزم رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیپال اور پاکستان دونوں دوست ممالک خطے میں جغرافیائی اور تاریخی حوالے سے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ مختلف ممالک کے ادیبوں اور لکھاریوں کے درمیان مکالمے، اکتساب اور استفادے کی فضا قائم کرنے سے ہم خطے کی مجموعی صورتِ حال کو ترقی کے لیے سازگار بنانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔ہم نے اہلِ قلم کی خدمات کو ہمیشہ خراجِ تحسین پیش کیا اور عظیم تہذیبی روایات کی بقا اور احیا کے لیے ان کی جدوجہد کی قدر کی ہے۔ انجنیئر عامر حسن، وفاقی سیکرٹری، قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن نے کہا کہ ہمارے دوست ملک نیپال کا شمار جنوبی ایشیا کہ اہم ممالک میں ہوتا ہے۔ ہماری قربتیں جغرافیائی اور ثقافتی سطح پر لا زوال اور بے مثال ہیں۔ اکادمی ادبیات پاکستان نے نیپالی اکیڈمی کے ساتھ ادبی مفاہمت کو عملی جامہ پہنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ادیب اور شاعر اپنی تحریروں کے ذریعے علاقائی مسائل اور معاملات کو موضوع بناتے رہیں گے اور قوموں کی رہنمائی میں اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔ا کادمی ادبیات پاکستان نے اپنی متعدد کانفرنسوں کے ذریعے فروغِ امن میں ادیبوں کے کردار اور قومی یگانگت جیسے اہم موضوعات پر ادیبوں کو مکالمے کا موقع دیا۔ ادیب اور لکھاری چاہے کسی بھی علاقے، زبان اور طبقے سے تعلق رکھتے ہوں ان کی تحریروں سے محبت، یکجہتی، امن پسندی اور مساوات کی تعلیمات ملتی ہیں۔ سید جنید اخلاق، چیئرمین اکادمی ادبیات پاکستان نے کہا کہ نیپال اکادمی کے ممنون ہیں جس نے پاکستانی خواتین لکھاریوں کے حوالے سے ہماری کتاب کا نیپالی زبان میں ترجمہ کرکے شائع کیا۔ اکامی ادبیات پاکستان بھی نیپالی ادب کے تراجم کو اپنے دارالترجمہ کے زیر انتظام شائع کرے گی۔ نیپال اکادمی سے ادبی تعاون جاری رہے گا۔ نیپال اکیڈمی کے چانسلر گنگا پراساد اُپریتی نے ”عصری نیپالی ادب“ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیپالی ادب کی تاریخ پچھلے تین سو سالوں پر محیط ہے۔ نیپالی ادب کے تحریری متن کا ذریعہ لوک ادب، زبانی روایت اور قدیم سنسکرت کے اساتذہ جیسے رامایہ اور مہابھٹا سے حاصل کردہ مذہبی کہانیوں سے ملتاہے۔نیپالی زبان جدید آریائی زبانوں میں سے ایک ہے جس کی ابتدا قرون وسطیٰ پراکر اور سنسکرت زبان سے ہے۔ اس زبان کی تحریری روایت کی تاریخ تقریبا ایک ہزار سال پرانی ہے۔جب سنسکرت زبان وسیع پیمانے پر استعمال کی زبان کے طور پر محروم ہوگئی تو نیپال میں رہنے والے سنسکرت کے علماء نے نیپالی زبان میں لکھنا شروع کردیا، اس کے نتیجے میں، نیپالی زبان زیادہ معیاری بن گئی اور نیپالی زبان معاشرے میں عام استعمال کی زبان بن گئی۔انہوں نے کہا کہ نیپالی زبان میں ادبی تحریر جدید نیپال کے متحد عمل کے دور میں شروع ہوئی۔نیپالی لکھنے والوں کی نئی نسلوں کے مصنفین نے ادب کی نئی مختلف اصناف اورتکنیکوں کو اپنایا۔ اس طرح، نیپالی ادب پہلے مرحلے میں سماجی حقیقت اور انسانی نوعیت کے نقطہ نظر پر مبنی ادب تخلیق کیا گیا، اس مرحلے کاادب آزادی اور جمہوریت کی آواز بن گیا، 1951 کو جدید نیپالی ادب کے نقطہ نظر سے سمجھا جاتا ہے،بعد ازاں جدید مرحلے کے مشہور مصنفین نے ادب کی مختلف اصناف کے ذریعے اپنی تحریر کو آگے بڑھایا۔حفیظ خان نے ”عصری پاکستانی ادب“ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہپاکستان میں تقریباً72زبانیں بولی جاتی ہیں لیکن لکھی اُن میں سے کم و بیش اَٹھارہ ہیں، جن میں ادب تسلسل سے تخلیق ہورہا ہے۔ قومی زبان اُردو سمیت تقریباً آٹھ یعنی سرائیکی، پنجابی، سندھی، بلوچی، براہوی، پشتو اور ہندکو ہیں۔پاکستان میں ادب انگریزی میں بھی اعلیٰ پائے کا تخلیق ہورہا ہے پاکستان کے عصری ادب کااپنی امکانی صورت میں منصہ شہود پر آناگذشتہ ایک عشرے سئے عملِ جاری رہا ہے لیکن ہمارا آج کا ادب خواص کے لیے نہیں، دنیا بھر کے انسانوں سے روابط کا رمز آشنا ہے۔ اِس کے تشکیلی عناصر میں مقصدیت، انسان دوستی، حب الوطنی، آزادی کا بنیادی حق، معاشرے کے کچلے ہوئے طبقات یعنی عورت، مزدور اور کسان کے مفادات کا تحفظ، انسانوں کے باہمی تعامل میں کھردری حقیقتوں کا واشگاف اظہار اور سماجی ضابطوں کو توڑنے کی خواہش سبھی کچھ موجود ہے۔یہی وہ عناصر ہیں کہ جن سے جمود کی قوتیں لرزاں رہتی ہیں۔سمینار میں اکادمی ادبیات پاکستان کی طرف سے مغزز مہمانوں کو کتابوں کے تحفے پیش کیے گئے۔