عوامی ورکرز پارٹی ہنزہ کے سربراہ آصف سخی نے کہا ہے کہ چپورسن گوجال کی ہزاروں کی آبادی دنیا سے کٹی ہوئی ہے اور گزشتہ ایک ماہ سے واحد رابطہ سڑک بند ہے لیکن صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ ٹس سے مس نہیں ہے ۔ انہوں نے جمعے کے روز میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت بالعموم ہنزہ اور بالخصوص بالائی علاقوں چپورسن اور شمشال کے عوام کے ساتھ نارواں سلوک کررہی ہے جس کو کھبی برداشت نہیں کیا جائے گا،ہنزہ گوجال کے عوام گزشتہ ایک ماہ سے جس کرب سے گزر رہے ہیں وہ انتہائی غیر مناسب اور انسانی حقوق کی سراسر خلاف ورزی ہے۔انہوں نے مزید کہا کی انتخابات کے دنوں میں سیاسی نمائندے اس رابطہ سڑک سمیت دیگر مسائل پر بھر پور سیاسی دکان چمکاتے ہیں اور مشکلات کے دنوں میں منظر عام سے غائب ہوتے ہیں جس کی ہم بھر پور مزمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کی بڑے بڑے دعوے کرنے والے ڈی سی ہنزہ جو آئے روز ہنزہ کے عوام کو کسی نہ کسی بہانے سے تنگ کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن رواں برفباری کے بعد موصوف آپنے دفتر سے باہر نکلنے کی کوشش بھی نہیں کرتے۔ بالائی علاقوں کے عوام کرب کی زندگی گزارہے ہیں لیکن ان کو کوئی فرق نہیں پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور حکام بالا سے پرزورمطالبہ کیا ہے کہ چپورسن اورشمشال کے عوام کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے وگرنہ عوامی ورکرز پارٹی عوام کو لے کر سڑکوں پر نکل آئے گی اور ڈی سی کو علاقہ بدر کرنے تک عوام دھرنہ جاری رکھے گی ۔