چترال (کریم اللہ ) بونی بازار میں بیمار جانوروں کا گوشت بھیجنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ ہمارے ذرائع نے بتایا کہ کل بونی کے ایک مقامی رہائشی کا گائے بیمار تھا شام تک اس کو مختلف دوائیں دیتے رہے مگر کوئی بہتری نظر نہ آئی رات کو انہوں نے قصاب کو بلا کر اس گائے کو ذبخ کروا دیا اور سستے داموں وہی قصاب اس گائے کو خرید کر اپنے قصاب خانہ لائے اور آج بونی بازار میں اسی بیمار گائے کا گوشت فروخت کیا جارہا ہے ۔ ہمارے ذرائع کا کہنا تھا کہ رات دس بجے اس گوشت کو صاف کرکے ایک گاڑی میں ڈال کر قصاب خانہ پہنچایا گیا۔
اس سے چند ماہ قبل بھی بونی بازار میں بیمار جانوروں کا گوشت فروخت ہونے کا انکشاف ہوا تھا ۔ بونی میں انتظامیہ یا محکمہ خوراک کی جانب سے قصاب خانے سمیت اشیائے خورد و نوش کے حوالے سے کسی قسم کے مانٹرنگ کا کوئی انتظام موجود نہیں یہی وجہ ہے کہ بونی بازار میں غیر معیاری اشیائے خورد و نوش فروخت کرنے کا رواج عام ہے ۔ اس سلسلے میں گوشت فروخت کرنے کے حوالے سے چیکنگ کا کوئی انتظام سرے سے موجود ہی نہیں ۔
یاد رہے پچھلے سال یہاں کے ایک قصاب میں کانگو وائرس دریافت ہوا تھا اس کے بعد انتظامیہ نے ان کے قصاب خانے کو تالہ لگا کر ان پر دوبارہ قصاب کرنے کی پابندی عاید کی گئی تھی تاہم بعد میں وہی قصاب پھر سے متحرک ہوگئے ۔ ضلع و تحصیل انتظامیہ اور محکمہ صحت و خوراک کی لاپرواہی و غفلت کی وجہ سے اپرچترال غیر معیاری اشیائے خورد و نوش کی بہت بڑی منڈی بن چکی ہے جنہیں کھانے کے بعد لوگ مختلف قسم کے موذی امراض جیسا کہ دل کی بیماریاں، کینسر وغیرہ میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔