100

عوامی ورکرز پارٹی 12 جون کو مہنگائی مخالف مارچ کرے گی۔

ویب ڈیسک


ملک میں اس وقت مہنگائی کا تناسب 14 فیصد ہو چکا ہے۔ 1980 سے اب تک ملک عالمی مالیاتی فنڈ سے 13 بار قرضہ لے چکا ہے۔ قرضوں پہ چلنے والی معیشت ملک میں ایک خانہ جنگی کی سی صورتِ حال پیدا کر رہی ہے جہاں درآمدات پہ لگنے والے خرچ سے مسلسل خسارہ ہو رہا ہے اور پیداواری صلاحیتوں کو بڑھانے کی طرف حکمرانوں کی نا توجہ ہے اور نا دلچسپی۔ عالمی مالیاتی فنڈ اور دیگر اداروں کے ایجنڈوں اور ہدایت پر عمل کرتے ہوئے حکمران طبقہ، مسلسل عوام دشمن پالیسیاں نافذ کر رہا ہے جس کے باعث، ملک کی آدھی آبادی غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزارنے پہ مجبور کر دی گئی ہے اور لوگوں کو بے روزگار کیا جا رہا ہے، مہنگائی آسمانوں کو چھو رہی ہے، طلبہ سے تعلیم کا حق چھینا جا رہا ہے، غریب عوام کو صحت، روزگار، بجلی، تیل جیسے بنیادی ضرورتوں سے محروم کیا جا رہا ہے۔
حکمران طبقے کی عیاشی، آئینی چالبازیوں اور دھوکہ دہی کے نتیجے میں پاکستان کو معاشی تباہی کے ایک ایسے موڑ پہ لا کر کھڑا کر دیا گیا ہے جہاں محنت کش طبقے کے لئے صرف بربادی بچتی ہے۔ مسلسل سیاسی بحران اور محنت کش عوام کی سیاست پر پابندیوں کے نتیجے میں جمہوریت کا جنازہ نکل گیا ہے۔ اور معاشی و طبقاتی تفریق میں مسلسل اضافے سے محنت کش طبقہ، بد حالی کے باعث خودکشیوں پہ مجبور ہو رہا ہے۔
حکمران اشرافیہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں پوری طرح ناکام ہے اور سیاست کے نام پر طاقت کی ہوس میں پاگل، ایک چہرے کے بعد دوسرا چہرہ بدلنے کا سرکس لگا ہوا ہے، نظام بد سے بدترین ہوتا چلا جا رہا۔ اشیائے خورد و نوش، بجلی، پانی، تیل جیسی ضروریاتِ زندگی عام آدمی کی دسترس سے دور ہوتی چلی جا رہیں، نوجوان مہنگی تعلیم کے باعث تعلیمی ادارے چھوڑ کر جا رہے، اساتذہ کو دینے کے لئے تنخواہیں نہیں۔
حکمران طبقے کی مراعات کا خرچہ غریب عوام کے ناتواں کندھوں پہ لادا جا رہا۔ ان حالات میں محنت کش عوام کے اتحاد اور نوجوانوں کی تنظیم سے ہی عوام دوست سیاست اور حکومت کا فروغ ممکن ہے۔ اس سب کے لئے محنت کش طبقے کو اپنی صفوں میں اتحاد اور اجتماعیت پیدا کرنے کی ضرورت ہے کہ عام آدمی، ریاست کا حکمران بن سکے اور عوام کو درپیش مسائل کا حل کر سکے۔
عوامی ورکرز پارٹی جو مزدوروں، کسانوں، چھوٹے تاجروں، ڈاکٹروں، انجینئروں، اساتذہ، صحت کارکنوں، مذہبی اقلیتوں، پسماندہ افراد، مظلوم اقوام، خواتین، نوجوانوں اور طلبہ کی پارٹی ہے وہ اپنے قیام کے آغاز سے ہی محنت کش عوام کے بنیادی حقوق کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔ پارٹی تمام محنت کشوں کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے اپنے عہد کا اعادہ کرتی ہے۔
آئیں ہمارے ساتھ مل کر جمہوری، عوامی سیاست میں عملی طور پہ حصہ لیں اور اس گلے سڑے نظام کو بدلنے کے لئے اپنا پہلا قدم آگے بڑھائیں۔ 12 جون، اتوار شام 5 بجے، آبپارہ چوک اسلام آباد میں مہنگائی اور گرتی ہوئی معیشت کو بچانے کے لیے ہمارے ساتھ مل کر آواز بلند کریں، ایک ذمہ دار و حساس شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں