Baam-e-Jahan

دشمن ہمیں عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں کررہاہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

پاکستان اپ ڈیٹ کوئٹہ : قائداعظم محمد جناح کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج وطن عزیز کو جن چیلنجوں کا سامناہے ان سے نمٹنے کے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنی صفوں میں مکمل اتحاد برقرار رکھیں اور بابائے قوم کے زریں اصولوں کو اپنا نصب العین سمجھتے ہوئے ان پر عمل پیرا ہوں۔ پاکستان کے روایتی دشمن نے ہمارے وطن کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں شروع کررکھی ہیں تاہم پوری قوم اتحاد واتفاق کے ذریعہ ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہمارے آباؤاجداد نے بیش بہا قربانیوں کے بعد یہ ملک حاصل کیا اور بلوچستان سمیت ملک بھر کے عوام ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، بابائے قوم کو بلوچستان اور یہاں کے لوگوں سے خصوصی محبت تھی، قیام پاکستان کے بعد بلوچستان کی ریاستوں کی پاکستان میں شمولیت ان کی دیرینہ خواہش تھی جس کے لئے وہ خود بلوچستان تشریف لائے اور یہاں کے اکابرین سے کامیاب ملاقاتیں کیں جن کے نتیجے میں یہ ریاستیں اپنی مرضی اورخواہش کے مطابق پاکستان کا مضبوط حصہ بن گئیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم سیاسی اور گروہی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملک کے استحکام اور قومی اتحاد کے فروغ کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اورقائداعظم کے تصور کے مطابق ایک مستحکم جمہوری اور خوشحال پاکستان کی منزل حاصل کرکے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں