ٹورنامنٹ میں فٹ بال کی تیس ٹیمیں، کرکٹ کی تیس ٹیمیں،ٹیبل ٹینس کی 22 ٹیمیں، بیڈ منٹن کی 18 اور رسہ کشی کی 22 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
چترال (گل حماد فاروقی) محکمہ تعلیم چترال کے زیر اہتمام انٹر سکول ٹورنامنٹ 2019 کا آغاز فٹ بال گراؤنڈ میں کردیا گیا۔ اس موقع پر ایک تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں ایئریا کو آرڈینیٹر نگاہ حسین مہمان حسین جبکہ برطانوی خاتون پرنسپل میس کیری شوفیلڈ نے صدارت کی۔ تقریب میں محتلف سرکاری اور نجی سکولوں کے بچے کھیل کے میدان میں قطار میں کھڑے تھے۔ جو اپنے سکول کا بینرز اٹھاکر کھڑے تھے۔
سب سے پہلے پرچم کشائی ہوئی قومی پرچم کو لہرایا گیا اور بچوں نے قومی ترانہ پیش کیا جس کے احترام میں تمام شرکاء احتراماً کھڑے ہوئے۔ اس کے بعد فرنٹئیر کور پبلک سکول کے بچوں نے پی ٹی کا مظاہرہ کیا۔ تمام سکول کے بچوں نے بہترین انداز میں سلامی کے چبوتر ے کے سامنے اپنے سکولوں کی نمائندگی کرتے ہوئے گزر گئے۔
بچوں نے حمد اور نعت شریف بھی پیش کی۔
اس موقع پر برطانوی خاتون میس کیری نے کہا کہ چترال نہایت دلچسپ جگہ ہے جہاں شرح خواندگی حیران کن حد تک زیادہ ہے اور لوگ بھی کھیل کود کے نہایت شوقین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے بچوں میں کھیل کے حوالے سے جتنا ٹیلنٹ ہے اتنا مغربی ممالک کے کھلاڑیوں سے کسی بھی سطح پر کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہاں کے بچوں کو مواقع دیے جائیں تو یہ نہ صرف ملکی سطح پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتے ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔
بعد میں سرکاری او ر نجی سکولوں کے اساتذہ پر مشتمل ایک فٹ بال میچ ہوا جس میں دونوں ٹیموں کے گول برابر رہے تاہم آخری وقت میں پرائیویٹ سکول فٹ بال ٹیم نے پینالٹی کے ذریعے سرکاری سکول اساتذہ فٹ بال ٹیم کو شکست دیکر میچ اپنے نام کرلیا۔
ہمارے نمائند ے سے باتیں کرتے ہوئے کرتے ہوئے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر سپورٹس چترال فاروق اعظم نے بتایا کہ یہ ٹورنامنٹ پندرہ نومبر تک جاری رہے گااس کے بعد ڈویژنل سطح پر مقابلے ہوں گے او راس کا بنیادی مقصد سرکاری اور نجی سکولوں کے طلباء کے درمیاں مقابلے کروانے ہیں تاکہ بچوں کو کھیل میں نام پیدا کرنے کا موقع مل سکے اور اس سے سیاحت بھی فروغ پائے گا۔
اس رنگارنگ تقریب اور میچ کو دیکھنے کیلئے کثیر تعداد میں تماشائی بشمول طلبا ء جمع ہوئے تھے۔